مزمل مرتضیٰ نے پہلی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ٹینس چمپئن شپ جیت لی

ہفتہ 10 مارچ 2018 22:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2018ء) : مزمل مرتضی نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہونے والی پہلی چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ٹینس چمپئن شپ جیت لی۔مینز سنگلز فائنل مزمل مرتضی اور محمد عابد کے درمیان کھیلا گیا۔ جنرل زبیر محمود حیات، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اس فائنل میچ کے مہمان خصوصی تھے۔

ائیر مارشل فاروق حبیب ، وائس چیف آف ائیر سٹاف ، پاکستان ائیر فورس بھی اس موقع پر موجود تھے۔مزمل مرتضی نے پہلے سیٹ میں اپنے حریف محمد عابد کو پانچ سٹریٹ گیمز میں شکست دی مگر عابد نے اگلی پانچ گیمز جیت کر مقابلہ برابر کر دیا۔ مرتضی نے اگلی دونوں گیمز جیت کر پہلا سیٹ 7/5 سے اپنے نام کیا۔ دوسرے سیٹ میں مزمل مرتضی نے آغاز میں ہی تین گیمز جیت کر 4/1 کی لیڈ سے اپنی برتری کو ثابت کیا۔

(جاری ہے)

عابد نے اگلی دو گیمز جیت کر مقابلے کو اوردلچسپ بنا دیا مگر مزمل مرتضی نے اگلی دو گیمز جیت کر 6/3 سے نہ صرف میچ اپنے نام کیا بلکہ پہلی چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ٹینس چمپئن شپ کی ٹرافی بھی اپنے نام کر لی۔ مہمان خصوصی نے مختلف کیٹیگریز میں جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس چمپئن شپ میں 150 کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں شرکت کی جن میں جونئیر بوائز انڈر10- ، انڈر 14- اور انڈر 18- کے علاوہ مینز ڈبلز ، ویٹرنز ڈبلز ، لیڈیز سنگلز اور مینز ڈبلز کے مقابلے بھی شامل تھے۔

جونئیر بوائز انڈر10- کے مقابلے میں حمزہ رومان نے اپنے حریف جمال شاہ کو 4/2 ، 4/5 اور 4/1 سے شکست دی جبکہ انڈر 14 میں حمزہ رومان نے حسن علی کو 4/2 ، 4/5 اور 4/1سے شکست دی۔ انڈر 18 میں محمد شعیب نے حذیفہ عبدالرحمان کو 4/6 ، 6/2 اور 2/1 (ریٹائرڈ)سے شکست دی۔لیڈیز سنگلز میں ماہین آفتاب نے سارہ منصور کو ایک یکطرفہ مقابلے میں 6/3 اور 6/4 سے شکست دی۔ویٹرنز ڈبلز مقابلے میں حمید الحق اور مصحف ضیاء نے ایک یکطرفہ مقابلے میں اپنے حریفوں عرفان اللہ اور محمود خان کو 7/5 اور 6/4 سے شکست دی۔

مینز ڈبلز میں محمد عابد اور شہزاد خان نے اپنے مخالف مزمل مرتضی اور مدثر مرتضی کو 6/1 ، 1/6 اور 10/4سے شکست دی۔چھ لاکھ انعامی مالیت کی حامل یہ چمپئن شپ پی اے ایف سپورٹس کنٹرول کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جو کہ قومی سطح پر سب سے زیادہ انعامی رقم کی حامل ہے۔

متعلقہ عنوان :