اپنی مرضی کا چئیرمین سینیٹ لانا مشکل ہوگیا، پیپلز پارٹی نے ممکنہ شکست تسلیم کرلی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 10 مارچ 2018 20:58

اپنی مرضی کا چئیرمین سینیٹ لانا مشکل ہوگیا، پیپلز پارٹی نے ممکنہ شکست ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10مارچ2018ء) پیپلز پارٹی کیلئے اپنی مرضی کا چئیرمین سینیٹ لانا مشکل ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین سینیٹ کے انتخاب میں 2 روز باقی ہیں۔ چئیرمین سینیٹ کا انتخاب پیر کے روز سینیٹ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ رضا ربانی کی ریٹائرمنٹ کے باعث نئے چئیرمین سینیٹ کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے جوڑ توڑ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

خاص کر پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ن لیگ اس مقصد کیلئے خاصے متحرک نظر آئے۔

(جاری ہے)

سینیٹ میں ن لیگ کو برتری حاصل ہونے کے باوجود امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ پیپلز پارٹی ممکنہ طور پر نیا چئیرمین سینیٹ لانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ تاہم تحریک انصاف کی جانب سے اپنے تمام سینیٹرز وزیراعلی بلوچستان کی جھولی میں ڈالنے کے باعث پیپلز پارٹی کیلئے اپنی مرضی کا چئیرمین سینیٹ لانا مشکل ہوگیا ہے۔

پیپلز پارٹی نے اس تمام صورتحال میں ممکنہ شکست تسلیم کرلی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما عبد الکریم کنڈی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ شاید اب  پیپلز پارٹی اپنی مرضی کا چئیرمین سینیٹ نہ لا پائے۔ تاہم کوشش ہے کہ اپوزیشن مشترکہ طور پر اپنا چئیرمین سینیٹ منتخب کروا لے۔