پاکستان اسلام کے نام پر بنا لیکن ستر سال سے اس پہ حکمرانی کرنے والے سورة الاخلاص اورسورة فاتحہ سے نابلد ہیں،سینیٹر مشتاق احمد خان

ہفتہ 10 مارچ 2018 22:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مارچ2018ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا لیکن ستر سال سے اس پہ حکمرانی کرنے والے سورة الاخلاص اورسورة فاتحہ سے نابلد ہیں۔ پاکستان اور ترقی کے راستے میں یہی حکمران طبقہ رکاؤٹ ہے۔ سینیٹ الیکشن میں ڈنکی اور منکی ٹریڈنگ ہوئی، تمام ممبران کی کروڑوں کی بولی لگی، صرف جماعت اسلامی کے سات ممبران ثابت قدم رہے۔

جماعت اسلامی نے بریف کیسوں اور پیسوں کی چمک کا مقابلہ کیا ہے۔سینیٹ میں اسلام ، پاکستان اور عوام کا مقدمہ لڑوں گا۔نبی کریم ﷺ نے بتوں کو گرایا ، اہل عرب نے بھارتی وزیر اعظم مودی کے ساتھ مل کر مندر بنایا اور اس میں تین سو ساٹھ بت رکھوادئیے۔ مسلم دنیا کے حکمران اسلام کے لبادے میں دشمن کے ایجنٹ ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت اور ریاست رسول اللہ ﷺ کی سنت اور میراث ہے، اسے چوروں، ڈاکوؤں اور لٹیروں کے لئے نہیں چھوڑ سکتے۔

جماعت اسلامی سود سے پاک اسلامی معاشی نظام اور نظام مصطفی ﷺ کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر کوہستان کے یونین کونسل ڈوگدرہ میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شمولیتی جلسہ عام سے امیر جماعت اسلامی ضلع دیربالا حنیف اللہ، قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ، چیف آف کوہستان ایم پی اے محمد علی ، ضلع ناظم صاحبزادہ فصیح اللہ، تحصیل ناظم میر مخزن الدین اور شہباز خان نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر علاقے کے سرکردہ رہنما اور سماجی شخصیت ملک شہباز خان نے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ چند سیاسی جماعتیں پاکستان کو سیکولر بنانا چاہتی ہیں مگر ہم اس کے سامنے دیوار بن کر کھڑے ہیں ،حالیہ سینیٹ الیکشن میں منڈی لگی تھی اور ٹماٹروں کی طرح ممبران اسمبلی کی خرید فروخت ہوئی مگر جماعت اسلامی کے ممبران اللہ کے فضل سے اس گناہ سے محفوظ رہے ، ہم اپنے ممبران کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے پاس نوجوانو ںکے لئے کوئی پروگرام نہیں، یہ جماعتیں نہ نوجوانوں کو رزگار دے رہی ہیں اور نہ ہی انہیں سیاسی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع دے رہی ہے، پارٹیوں پر موروثی جاگیرداروں کا قبضہ ہے، یہ سیاسی جماعتیں نہیں پراپرٹیاں اور مافیاز ہیں۔ ان مافیاز سے چھٹکارے کے لئے نوجوانوں کو اٹھنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی فلاحی ریاست قائم کرنا چاہتی ہے، اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام قائم کرناخوشحال اور کرپشن فری پاکستان بنانا جماعت اسلامی کا مقصد اور مشن ہے ، جماعت اسلامی نے پاکستان کو مخلص اور محب وطن قیادت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی باطل قوتوں کے خلاف نبردازما ہے ۔کشمیر ، برما ، شام ، افغانستان اور فلسطین میں بے گناہ مسلمانوں کو شہید کیا جارہا ہے ،مگر حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں ۔جماعت اسلامی ان عیاش حکمرانوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :