سینیٹ چیئرمین کیلئے مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے رابطے کیے گئے ہیں، لیاقت بلوچ

مولانا فضل الرحمن سے بھی بات چیت ہوئی ہے، جماعت اسلامی کا 11 مارچ کو اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس طلب کر لیاگیا ہے،تقریب سے خطا ب،صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 10 مارچ 2018 21:32

سینیٹ چیئرمین کیلئے مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے رابطے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مارچ2018ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے قذافی سٹیڈیم میں شاعرہ انمول گوہر کی کتاب کی تقریب رونمائی اور دی پنجاب سکول کی ڈیفنس روڈ برانچ کی افتتاحی تقریب سے خطا ب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے رابطے کیے گئے ہیں ۔

مولانا فضل الرحمن سے بھی بات چیت ہوئی ہے۔ جماعت اسلامی کا 11 مارچ کو اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس طلب کر لیاگیا ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ ایوان بالا کو اتفاق رائے سے باوقار ، باصلاحیت چیئرمین میسر آئے ۔ سینیٹر رضا ربانی نے پارلیمانی مہارت سے مثبت تاثر پیدا کیاہے ۔ تمام جماعتیں اتفاق کر لیں تو مفید فیصلہ ہوگا لیکن ان کی اپنی جماعت کے رہنما ہی راضی نہیں ، حالانکہ بیشتر قائدین اتفاق کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ بامقصد تعلیم ہی نوجوان نسل کو ملک و ملت کو درپیش چیلنجز سے عہدہ برأ ء کرسکتی ہے ۔ آج کے دور کے شاعر اور ادیب کا فرض ہے حالات ، جذبات اور احساسات میں اعتدال پیداکرنے کے لیے خدا داد صلاحیتوں کو استعمال کریں ۔ شاعر اور ادیب عوام میں یہ احساس پیدا کریں کہ آدمی کو آدمی کا بھروسہ ہو ، آدمی کو اپنی زندگی کا بھروسہ ہو ، مایوسیوں اور نفرتوں کی جگہ محبتوں، برداشت کی فصل اگائی جائے ۔