چین میں گوتھیا کپ انڈر 18فٹ بال ٹورنامنٹ 2017 جیتنے والی اسلام آباد فٹبال ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ

ہفتہ 10 مارچ 2018 21:28

چین میں گوتھیا کپ انڈر 18فٹ بال ٹورنامنٹ 2017 جیتنے والی اسلام آباد فٹبال ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے چین میں منعقد ہونے والے گوتھیا کپ انڈر 18فٹ بال ٹورنامنٹ 2017 جیتنے والی اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کی ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔ جس میں اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سلیم چوہدری، سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری ، ٹیم منیجر سید تنویر احمد، کوچ محمد زمان ، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انفارمیشن سیکرٹری رانا تنویر احمد اور اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کی ٹیم کے کپتان عبداللہ شاہ سمیت ٹیم ممبران نے شرکت کی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے اپنے خطاب میں گوتھیا کپ جیتنے پر اسلام آباد فٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ٹورنامنٹ میں چمپئن بن کر ہمارے لڑکوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں کھیلوں کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فٹ بال کو انڈسٹری کا درجہ دے تاکہ پاکستان میں فٹ بال کو بہتر فروغ ملے اور ہمارا ملک کرکٹ کی طرح فٹ بال میں بھی اپنا نام بنا سکے۔

انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد میں فٹ بال کے مزید گرائونڈز تعمیر کرے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان سپر لیگ کی طرز پر اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن فٹ بال کی ٹیموں کو تشکیل دے تاکہ نجی شعبہ ان ٹیموں کو خرید کر مقابلے میں حصہ لے جس سے فٹ بال کو بہتر فروغ ملے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید نے اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ٹیم ممبران کو چیمبر کادورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چیمبر کی سپورٹس کمیٹی اسلام آباد میں فٹ بال کو فروغ دینے کیلئے اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے ساتھ تعاون کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ جن قوموں کے کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہ قومیں دنیا میں زندہ ہوتی ہیں۔اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سلیم چوہدری نے کہا کہ ہماری فٹ بال ٹیم اپنی مدد آپ کے تحت چین گئی اور کسی نے اس ٹیم کو سپانسر نہیں کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ آگے بڑھے اور فٹ بال سمیت دیگر کھیلوں کو سپانسر کرے تا کہ پاکستان کھیلوں کے شعبے میں بہتر ترقی حاصل کر سکے۔

انہوں نے کہا بدقسمتی سے فیفا نے پچھلے تین سال سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر پابندی لگائی ہوئی ہے جس وجہ سے ہمارے فٹبال کے کھلاڑی باہر نہیں جا سکتے اور فٹ بال کو فرو غ دینے کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔اپنی اسوسی ایشن کی سرگرمیوں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے ساتھ 50کلب رجسٹرڈ ہیں جبکہ تقریبا 10اکیڈمیز اس کی زیر زرپرستی فٹ بال کا ٹیلنٹ تلاش کرنے اور فٹ بال کو فروغ دینے کیلئے کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد میں تقریبا پانچ ہزار کھلاڑی فٹ بال کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو تین ماہ میں اسلام آباد میں ایک پیشہ وارانہ فٹ بال لیگ منعقد کی جائے گی جس میں فٹ بال کے عالمی کھلاڑیوں سمیت 8سے 10ٹیمیں حصہ لیں گی۔ گوتھیا کپ جیتنے والی ٹیم کے کپتان عبداللہ شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 56ٹیموں نے گوٹھیا کپ میں شرکت کی اور پاکستان نے چین، انڈیا، اتھیوپیا اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ٹیموں کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جو پاکستان کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے۔

چیمبر کی سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ناصر چوہدری، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انفارمیشن سیکرٹری رانا تنویر احمد، باصر دائود، اشفاق حسین چٹھہ اور شیخ عبدالوحید سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا اور ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :