ملک میں مالی ،انتخابی کرپشن عروج پر ہے ،کوئی بھی پارٹی سربراہ اپنے ممبران اسمبلی کے خلاف کاروائی کرنے کو تیار نہیں‘ سراج الحق

زرداری، نوازشریف، عمران سمیت تمام مرکزی قائدین سے حلف لیا جائے کہ سینیٹ الیکشن میں پیسے کا استعمال تو نہیںکیا‘خطاب / میڈیا گفتگو

ہفتہ 10 مارچ 2018 21:41

ملک میں مالی ،انتخابی کرپشن عروج پر ہے ،کوئی بھی پارٹی سربراہ اپنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مالی اور انتخابی کرپشن عروج پر ہے ،جو لوگ قومی اسمبلی اور سینیٹ الیکشن میں کرپشن کی بات کرتے ہیں وہی بک جاتے ہیں،کوئی بھی پارٹی سربراہ اپنے ممبران اسمبلی کے خلاف کاروائی کرنے کو تیار نہیں ،سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ 12 مارچ کو سینیٹرز سے حلف لیا جائے کہ کیا اس نے ووٹ بیچا یا خریدا ہے،زرداری، نوازشریف، عمران سمیت تمام مرکزی قائدین سے حلف لیا جائے کہ سینیٹ الیکشن میں پیسے کا استعمال تو نہیںکیا ہے،ہمارے ادارے پولیس، ٹیکسی ڈرائیور پر ہاتھ ڈالتے ہیں مگر کروڑوں اور اربوں کی کرپشن کرنے والوںکو کچھ نہیں کہتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں صوبائی مشاورتی کونسل کے اجلاس اور خواتین کانفرنس سے خطاب اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے نومنتخب سینیٹر اور امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ مشتاق احمد خان نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کو بجلی کے خالص منافع سے حصہ نہیں دیا جارہا ،جو صوبہ سب سے زیادہ بجلی پیدا کرتا ہے وہاں لوڈ شیڈنگ سب سے زیادہ ہے۔

صوبے میںآئل اور گیس کے ذخائر موجود ہیں مگر انہیں کوئی نہیں نکالتا اور نہ ہی خیبرپختونخوا کو بجلی کا معاوضہ دیا جارہا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں کے پی کے نے دیں مگر آج تک کسی حکومت کی طرف سے اس کا اعتراف کیا گیا نہ بے گھر اور دربدر ہونے والوں کو اس کا معاوضہ دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملک سے قومی سرمایہ لوٹ کر بیرون ملک منتقل کیا جارہا ہے ۔

2016 میں 18 بلین روپیہ باہرمنتقل ہونے کی خبریں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل فنانس ایوارڈ کا اجلاس نہ بلا کر آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ایک انقلابی اور دیانت دار حکمرانی کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، جب تک کرپشن کرنے والوں کو سزا نہیں ملتی قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا،اس ملک میں کرپشن سب سے بڑا مسئلہ ہے صرف مالی نہیں اخلاقی کرپشن بھی ہے،ہر لیڈر کے بارے میں کرپشن کی داستانیں موجود ہیں، سات دنوں میں سینیٹ کے انتخابات میں کرپشن کرنے والوں کے خلاف کیا کاروائی ہوئی ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ نومنتخب سینیٹرز کوبلا کر حلف لیا جائے کہ انہوں نے کرپشن نہیں کی۔۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بنک کے سروے کے مطابق سب سے زیادہ غربت خیبر پختونخواہ میں ہے ،پانی ایک نعمت ہے لیکن عوام صاف پانی سے بھی محروم ہیں انہوں نے کہا کہ بجلی ضرورت سے زیادہ پیدا ہو رہی ہے لیکن خیبر پختونخواہ میں ہر طرف اندھیروں کا راج ہے ، مرکزی حکومت ناکامی کی تصویر بنی ہوئی ہے ،موجود حکومت نے آئین کی دھجیاں اٴْڑا کے رکھ دیں۔وسائل کی منصفانہ تقسیم نہیں ہو رہی،تمام صوبوں کے تحفظات دور کئے جائیں ۔