اتحادی جماعتوں نے چیئر مین اور ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کے امیدوار کی نامزدگی کا اختیار نوازشریف کو دیدیا

رضا ربانی کیلئے ان ہی کی پارٹی نہیں مان رہی توہم کیا کریں ،ْمیر حاصل بزنجو کی گفتگو نوازشریف سے ایم کیو ایم کے دونوں دھڑوں کی الگ الگ ملاقات ،ْ (ن)کی سینیٹ چیئرمین شپ کے حوالے سے تعاون کی درخواست ہمارے پاس مطلوبہ نمبر سے کہیں زیادہ نمبر ہوچکے ہیں ،ْدیگر جماعتوں کی طرح ہواؤں میں بات نہیں کررہے ہے ،ْ57 سے زائد سینیٹرز ہمارے پاس موجود ہیں ،ْمشاہد اللہ خان

ہفتہ 10 مارچ 2018 18:38

اتحادی جماعتوں نے چیئر مین اور ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کے امیدوار کی نامزدگی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2018ء) حکومت کی اتحادی جماعتوں نے چیئر مین سینٹ اور ڈپٹی چیئر مین سینٹ کے امیدوار کی نامزدگی کا اختیار نوازشریف کو دیدیا ۔ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور اتحادیوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، راجہ ظفر الحق، مشاہد اللہ خان، امیر مقام، شاہ محمد شاہ اور مصدق ملک شریک تھے جبکہ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے محمود خان اچکزئی اور میر حاصل بزنجو شامل تھے۔

اجلاس میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے معاملے پر غور ہوکیا گیا، اس دوران اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں سے رپورٹ پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں نیشنل پارٹی کے صدر میر حاصل بزنجو نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، اتحادیوں نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی نامزدگی کا اختیار نوازشریف کو دیدیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کیلئے میاں نوازشریف کی پیپلزپارٹی کو پیشکش کے سوال پر حاصل بزنجو نے کہا کہ رضا ربانی کیلئے ان ہی کی پارٹی نہیں مان رہی توہم کیا کریں۔سینیٹ کی چیئرمین شپ کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف سے ایم کیوایم کے دو دھڑوں نے وفود کی صورت میں علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ایم کیوایم پی آئی بی کے وفد نے ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں ملاقات کی جبکہ وفد میں کامران ٹیسوری، علی رضا عابدی اور شیخ صلاح الدین شامل تھے۔

ایم کیوایم بہادرآباد گروپ کے عامر خان، خالد مقبول صدیقی اور کنور نوید نے ملاقات کی۔ایم کیوایم کے وفود اور نوازشریف کے درمیان سینیٹ انتخابات سے متعلق بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نے ایم کیوایم کے دھڑوں سے سینیٹ چیئرمین شپ کے حوالے سے تعاون کی درخواست کی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان نے ایک بار پھر مطلوبہ تعداد سے زیادہ اکثریت کا دعویٰ کیا ہے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ سینیٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے ہماری گنتی مطلوبہ تعداد سے بڑھ گئی ہے۔

اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ آپ تعداد ہی بتا دیں جس پر مشاہد اللہ نے جواب دیا کہ ہماری گنتی 57 اور 58 کے قریب پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دیگر جماعتوں کی طرح ہوائوں میں باتیںنہیں کررہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے رضا ربانی کا نام انفرادی طور پر دیا تھا ، پیپلز پارٹی سے تعلق پر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ پر ہمارا پیپلز پارٹی سے کوئی معاملہ نہیں، آصف زرداری بزنس مین ہیں اور ہم پیسوں سے ضمیر خریدنے والوں کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

ایک سوال پر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ کراچی میں رابطوں کی رپورٹ بہت حوصلہ افزا ہے۔ مولانا فضل الرحمن کی ایک روز قبل لاہور میں نواز شریف سے ملاقات ہوئی تھی اس لئے اب مولانا عبدالغفور حیدری کو نمائندگی دے کر بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک گروپ رہ گیا ہے اس سے بھی مشاورت ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کے معاملے پر ہمارے اور اتحادیوں کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ، آرام سے اعلان ہو جائے گا تاہم انہوں نے کہا کہ ایک آدھ بات پر حتمی فیصلہ کرنا باقی ہے۔