افغان سیکورٹی فورسز کی ہلمند میں کاروائی، 10مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ، 13زخمی ، 8 گرفتار

کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے خودکش جیکٹس اور کار بم سمیت اسلحہ اور بارودی مواد بھی قبضے میں لے لیا، پکتیکا سے بھی بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ،کابل خودکش بم دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد 10ہو گئی

ہفتہ 10 مارچ 2018 18:12

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مارچ2018ء) افغان سیکورٹی فورسز کی جنوبی صوبہ ہلمند میں کاروائی کے نتیجے میں 10مشتبہ عسکریت پسند ہلاک اور 13زخمی ہوگئے جبکہ 8کو گرفتار کرلیا گیا ،کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے خودکش جیکٹس اور کار بم سمیت اسلحہ اور بارودی مواد بھی قبضے میں لے لیا۔ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی نے ایک بیان میں بتایا کہ یہ کارروائی مرکزی شہر لشکر گاہ کے علاقے خوشکبا میں کی گئی جس میں 8دیگر مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔

بیان کے مطابق کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے یہاں سے خودکش جیکٹس اور کار بم سمیت اسلحہ اور بارودی مواد بھی قبضے میں لیا۔افغان سکیورٹی فورسز نے جنوب مشرقی صوبے پکتیکا سے بھی بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا بتایا ہے لیکن اس کی مزید تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

دریں اثنا جمعہ کو کابل میں ہونے والے خودکش بم دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد دس ہو گئی ہے۔

شدت پسند تنظیم داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔یہ دہشت گرد حملہ شیعہ اکثریتی آبادی والے علاقے دشت برچی میں ہوا تھا اور مرنے والوں میں ایک پولیس عہدیدار بھی شامل ہے۔رواں سال کے اوائل سے افغانستان میں شدت پسندوں کی کارروائیوں میں تیزی دیکھی گئی ہے اور اب تک ہونے والے متعدد بڑے مہلک حملوں میں 200 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔جہاں دہشت گردوں کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے وہیں سکیورٹی فورسز نے بین الاقوامی افواج کی معاونت سے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشنز میں بھی تیزی دیکھی گئی ہے۔