مقبوضہ کشمیر : لاپتہ افراد کے والدین کی تنظیم کا سرینگر میں احتجاجی دھرنا

ہفتہ 10 مارچ 2018 17:04

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیر میں لاپتہ افراد کے والد ین کی تنظیم ’’ اے پی ڈی پی‘‘ نے اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کیلئے سرینگر میں پر امن احتجاجی دھرنا دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دھرنے میں بھارتی فورسز کے ہاتھو ں حال ہی میں ضلع کپواڑہ میں لاپتہ ہونے والے شہری منظور احمد خان کے دو بھائی بھی شریک تھے۔

منظو ر احمد کو بھارتی فوجی ایک اور شہری نصراللہ کے ہمراہ گرفتار کر کے لولاب کے علاقے میں قائم اپنے کیمپ میں لے گئے تھے۔ نصراللہ کو سخت جسمانی تشدد کے بعد چند روز قبل رہا کیا گیا تھا جب منظور احمد تاحال لاپتہ ہے۔مظاہرے کے شرکا ء نے اپنے لاپتہ پیاروں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ وہ مقصد کے حصول تک پر امن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

اے پی ڈی پی کی چیئرپرسن پروینہ آہنگر نے اس موقع پر کہا کہ قابض فورسز نے اب تک 10ہزار کے لگ بھگ کشمیریوں کو گرفتاری کے بعد لاپتہ کر دیا ہے جن کے اہلخانہ انتہائی کرب کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔پروینہ آہنگرنے، جن کے ایک بیٹے کو بھی لاپتہ کیا گیا ہے ، کہا کہ وہ اپنے لاپتہ جگر گوشوں کے بارے میں سوال اٹھاتے رہیں گے۔ انہوںنے جموںخطے کے ضلع کٹھوعہ میں کم سن آصفہ کی آبروریزی اور قتل میں ملوث مجرم کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔