سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف غیر قانونی بھرتی کیس کی سماعت 7اپریل تک ملتوی

ہفتہ 10 مارچ 2018 15:51

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف غیر قانونی بھرتی کیس کی سماعت ..
لاہور۔10 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2018ء) سابق وزیراعظم و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں عمران خان کے 13ووٹ بھی ہمیں ملیں گے اور اپوزیشن متحد ہو کر حکومت کے امیدوار کا مقابلہ کرے گی۔نیب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے جدوجہد اختتامی مرحلے میں ہے اور مجھے یقین ہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہی کامیاب ہوں گے، ممبران کی جانب سے پیپلز پارٹی کو پذیرائی دی گئی ہے اور ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں،بلوچستان کے تمام آزاد ممبران بھی پیپلز پارٹی کی مدد کریں گے جبکہ عمران خان نے بھی اپنے 13ووٹ بلوچستان کو دئیے ہیںجو ہمیں ملیں گے ، اپوزیشن متحد ہو کر حکومت کے امیدوار کا مقابلہ کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے جمہوریت اور پارلیمان کی مضبوطی کے لئے سیاسی نقصان بھی برداشت کیا ، ہم نے اس کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کیساتھ چلنا سیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی اپنی اپنی سیاست ہے، انہوں نے رضا ربانی کے بعد اعتزاز احسن کی سینیٹ میں تقریر بارے سوال کے جواب میں کہا کہ ایوان میں تقریر ہر رکن کی اپنی ذاتی سوچ کی عکاس ہوتی ہے جو بات پارٹی کے پلیٹ فارم سے ہو گی وہی پارٹی کا موقف اور سوچ کہلاتی ہے۔قبل ازیں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف پیپکو میں 437افراد کی غیر قانونی بھرتی کیس کی سماعت 7اپریل تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت کیجج نجم الحسن بخاری کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے کارروائی نہ ہو سکی۔