علاج معالجہ کیس ،

ڈاکٹرعاصم حسین کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور عدالت نے ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد کو 10مارچ سے 28 مارچ تک بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

ہفتہ 10 مارچ 2018 15:49

علاج معالجہ کیس ،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2018ء) انسداددہشتگردی کی خصوصی عدالت نے دہشتگردوں کو علاج ومعالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے مقدمے میں سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے دائر حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد کو 10مارچ سے 28 مارچ تک بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

ہفتے کو انسداددہشتگردی کی خصوصی عدالت میں دہشتگردوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت ہوئی۔عدالت کے روبرو مقدمے میں نامز مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما انیس قائم خانی، روف صدیقی، سلیم شہزاد اور عثمان معظم پیش ہوئے۔عدالت میں سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے وکیل کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کرائی گئی ۔

(جاری ہے)

جس میں موقف اپنایا گیا کہ میرے موکل ڈاکٹر عاصم حسین سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مصروف ہیں جسکی وجہ سے وہ آج پیش نہیں ہوسکتے۔۔عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کے وکیل کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کی۔عدالت نے سلیم شہزاد کی جانب سے بریت کے لئے دائر درخواست پر کارروائی موخر کردی ۔عدالت نے سلیم شہزاد کی جانب سے بیرون ملک جانے کے لئے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 10 مارچ سے 28 مارچ تک بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی جبکہ مقدمے پر مزید کارروائی 24 مارچ تک ملتوی کردی۔

آئندہ سماعت پر ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف بننے والی جے آئی ٹی کو کیس کا حصہ بنانے کے لئے دائر درخواست پر رینجرز کے وکلا دلائل جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ مقدمے میں روف صدیقی، وسیم اختر، ڈاکٹر عاصم حسین، عثمان معظم، قادر پٹیل سمیت دیگر نامزد ہیں۔مقدمے میں میئر کراچی وسیم اختر حاضری سے استثنی ملی ہوئی ہے۔