کراچی چیمبر کی’’مائی کراچی‘‘ نمائش 20اپریل2018سے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہو گی، سراج تیلی

جمعہ 9 مارچ 2018 23:05

کراچی چیمبر کی’’مائی کراچی‘‘ نمائش 20اپریل2018سے ایکسپو سینٹر میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2018ء) بزنس مین گروپ ( بی ایم جی ) کے چیئرمین اور سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سراج قاسم تیلی نے کے سی سی آئی کے زیراہتمام 15ویں ’’مائی کراچی‘‘ نمائش کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمائش کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں جوایکسپو سینٹر کراچی میںپوری آب وتاب کے ساتھ20اپریل کو شروع ہو کر 22 اپریل 2018 کو اختتام پذیر ہو گی۔

یہ بات انہوںنے جمعے کو کے سی سی آئی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر بی ایم جی کے وائس چیئرمین زبیر موتی والا، کے سی سی آئی کے صدرمفسر عطا ملک، سینئر نائب صدر عبدالباسط عبدالرزاق،نائب صدر محمد ریحان حنیف، چیئرمین خصوصی کمیٹی برائے’’مائی کراچی‘‘ نمائش محمد ادریس، سابق صدور عبداللہ ذکی، ہارون اگر، افتخار احمد وہرہ، شمیم احمد فرپو اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سراج قاسم تیلی نے 1998سے بزنس مین گروپ اور 2004سے مائی کراچی نمائش کے انعقاد میں میڈیا کے تعاون کو سراہا جس کے نتیجے میں یہ میگا ایونٹ نہ صرف کراچی چیمبر اور بزنس مین گروپ بلکہ تمام کراچی والوں کے لیے کے لیے آئیکون اور شناخت بن گیا ہے۔’’ مائی کراچی‘‘ نمائش کی کامیابی کا سہرا 2004سے بلا تعطل حمایت کے باعث میڈیا کو جاتا ہے جو اس نمائش میں مختلف سرگرمیاں منعقد کرتے ہیں جس سے اس ایونٹ کو مؤثر طریقے سے فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ نمائش کا ’’مائی کراچی‘‘ عنوان کا خاص طور پر انتخاب کیا گیا کیونکہ تاجروصنعتکار برادری اس شہر کوا پنا سمجھتی ہے۔مائی کراچی کے عنوان کی اہمیت کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ کئی لوگوں نے اسی عنوان پر یا پھر اس سے ملتے جلتے ناموں سے مختلف ایونٹس کاآغاز کیا جو کراچی چیمبر نے سب سے پہلے 2004میں متعارف کروایا۔

ہم ان کی مخالفت نہیں کررہے بلکہ گرم جوشی سے ایسے تمام ایونٹس کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ یہ تمام ایونٹس کراچی کا سافٹ اور مثبت امیج اجاگر کرنے کے سلسلے میں منعقد کیے جاتے ہیں۔انہوں نے ’’مائی کراچی‘‘ کے عنوان اور ’’امن و آتشی کاگہوارہ‘‘ کے انتخاب کی پس پردہ وجہ بیان کرتے ہوئے کہاکہ نمائش کاموضو ع کراچی میں مختلف زبانیں بولنے والے عوام، ثقافت اور تہذیب کو ظاہر کرتا ہے جو کراچی بھر میں مکمل ہم آہنگی کے ساتھ رہتے ہیں۔

یہ موضوع کراچی کی پوری تاجرو صنعتکاری برادری کے بڑے سے بڑے صنعتکار سے لے کرچھوٹے دکانداروں کی بھی عکاسی کرتا ہے۔کراچی چیمبر نے ’’مائی کراچی‘‘ نمائش کا آغاز2004میں کیا جب شہرکراچی دہشت گروں کی سرگرمیوں سے شدید متاثر تھا اور امن و امان کی صورتحال بھی بہتر نہیں تھی جبکہ غیر ملکی میڈیا بھی شہر میں پیش آنے والے کسی بھی واقعے کو غلط انداز میں پیش کر رہا تھا جس سے شہر کے بارے میںدنیابھر میں غلط تاثر پیداہوا۔

ایسے حالات میں کراچی کے بارے میں منفی امیج کو دور کرنے کی ضرورت کو شدت سے محسوس کیا گیا اور 2004 میں کے سی سی آئی کے پلیٹ فارم پر’’ مائی کراچی‘‘ نمائش کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا اور نمائش میں تاجربرادری،سفارتکاروں،غیر ملکی کمپنیوں سمیت کراچی کی عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔کے سی سی آئی کراچی کا دنیا بھر میں سافٹ امیج اجاگر کرنے میں کامیاب رہا۔

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ نمائش قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے آپ کو منوانے میںکامیاب رہی اور دنیا بھر کے کئی ممالک پابندی کے ساتھ اس نمائش میںشرکت کرتے ہیں۔سراج قاسم تیلی نے کہا کہ کراچی چیمبر نے کئی مواقعوںپر امن وامان کی خراب صورتحال کے باوجود بلا تعطل’’مائی کراچی‘‘ نمائش کا ہر صورت میں انعقاد کر کے وعدے کی پاسداری کی۔

2004 میں یہ نمائش 3ہالز تک محدود تھی جو آج ایکسپو سینٹر کے تمام 6ہالز تک وسیع ہو گئی ہے اور ہر سال یہ نمائش کامیابی کی نئی منازل طے کررہی ہے ۔ ’’مائی کراچی‘‘ نمائش کو بہتر سے بہتر اور تاریخ ساز بنانے پر کے سی سی آئی کے تمام سابق عہدیداران قابل تعریف ہیں کیونکہ ہرنئے آنے والے عہدیداران کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ پچھلے عہدیدران سے زیادہ بہتر کارکردگی کامظاہر ہ کریں۔

2013 سے قبل امن و امان کی صورتحال کے مقابلے میں آج کے کراچی صورت حال میں 90فیصد بہتری آئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ اس سال ’’مائی کراچی‘‘ نمائش میں315کے قریب اسٹالز لگائے جائیں گے۔نمائش میںاب تک6ممالک نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نمائش اپنے خراجات خود برداشت کرتی ہے اور کراچی چیمبر پر کبھی بھی بوجھ نہیں بنی جبکہ اس نمائش سے حاصل ہونے والا ریونیو کراچی چیمبر کے اکاؤنٹس میں جمع کروادیاجاتا ہے۔

پچھلے سال اس نمائش سے ڈیڑہ کروڑ روپے کمائے گئے اور اس سال ہم اس سے زیادہ ریونیو کی اُمید کر رہے ہیں جسے کلفٹن میں کراچی چیمبر کی قائم کی جانے والی نئی عمارت پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایاکہ اس سال کی نمائش میں فیملیز کو تفریح فراہم کرنے کے لیے بچوں کے لیے پلے ایریا، پرندوں، پالتو جانوروں کا شواور دیگر تفریحی سہولیات کا بھی انتظام کیاجائے گا جبکہ ایکسپو سینٹر کے باہر موجود جگہ پر نئے انداز میں فوڈ کورٹ کو پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کے سی سی آئی کی خصوصی کمیٹی برائے’’مائی کراچی‘‘ کے چیئرمین محمد ادریس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ محمد ادریس نے اس نمائش میںآنے والی فیملیز کے لیے مزید پرکشش بنانے کے لیے کئی نئے اقدامات اٹھائے جو قابل تحسین ہیں۔ اس نمائش میں تجارت اور تفریحی سہولتوں کو یکجا کیا جاتا ہے جہاں فیکٹری کی قیمت پر مصنوعات دستیاب ہوتی ہیں۔

انہوںنے وفاقی، صوبائی اور شہری حکومت،ِ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی او ر قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً پاکستان رینجرز اور سندھ پولیس کے بھرپور تعاون کوسراہا۔انہوںنے مزید کہاکہ کراچی 3600اسکوائر کلو میٹر کے رقبے پر محیط ہے جس کی آبادی سوا دو کروڑسے زائد ہے اور یہ ایسا شہر ہے جو رقبے کے لحاظ سے دنیا کے 80ممالک سے بڑا ہے ۔ یہاں ہر قسم کے لوگ رہتے ہیں اور یہ ملک کا مالی اور صنعتی مرکز ہے۔

سراج قاسم تیلی نے کہاکہ یہ بات کوئی مانے یا نہ مانے لیکن در حقیقت کراچی ہی پاکستان ہے جو قومی خزانے میں 65 سے 70فیصد سے زائد ریونیو کا حصہ دار ہے اور یہ شہر ہی پورے ملک کو چلاتا ہے حالانکہ یہ شہر ہمیشہ سیاستدانوں بیوروکریٹس کی ناانصافی کا شکار رہتا ہے جو اس شہر میں خرابیوں کے ذمے دار ہیں۔ تمام تر مشکلوں کے باوجود اس شہر کی کارکردگی سب سے اچھی ہے جس کی بنیادی وجہ اس شہر کی تاجر و صنعتکار برادری ہے جو ملکی خزانے میںسب سے زیادہ ریونیو تو جمع کراتے تو ہیں ہی ساتھ ہی صحت وتعلیم اور دیگر فلاحی و سماجی سرگرمیوں میں کھلے دل سے حصہ لیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :