پنجاب کے تمام اضلاع میںغیر منظورشدہ ،غیر معیاری سی این جی سلنڈر والی ویگنوں ،بسوںاور دیگر گاڑیوںکے خلا ف سپیشل مہم کا آغاز

ٹیمیں تشکیل ‘گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران غیر منظورشدہ ،غیر قانونی اورغیر معیاری سی این جی سلنڈر والی گاڑیوں اور انکے مالکان کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں گی

جمعہ 9 مارچ 2018 23:05

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ہدایات پر پنجاب کے تمام اضلاع میںغیر منظورشدہ ،غیر قانونی اورغیر معیاری سی این جی سلنڈر والی ویگنوں ،بسوںاور دیگر گاڑیوںکے خلا ف دس روزہ سپیشل مہم کا آغازکر دیا گیا ہے جو 18 مارچ 2018 ء تک جاری رہے گی۔اس سلسلے میں ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب محمد فاروق مظہرنے صوبے بھر میں محکمہ ٹرانسپوٹ ،ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ور موٹر ٹرانسپورٹ ایگزامینرکے ساتھ مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو صوبے بھر میں گاڑیوں کی چیکنگ کرتے ہوئے غیر منظورشدہ ،غیر قانونی اورغیر معیاری سی این جی سلنڈر والی گاڑیوں اور انکے مالکان کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں گی ۔

انہوں نے بتایا ہے کہ قوانین کے مطابق اوگراسے منظور شدہ ایچ ڈی آئی پی کے معیار کے مطابق کمرشل گاڑیاں ہر 6ماہ بعد اور پرائیویٹ گاڑیاں سالانہ بنیادوں پر اپنے سی این جی سلنڈروں کا معائنہ کروانے کے پابند ہیں اورکسی بھی ویگن میںسی این جی کے دو سے زیادہ سلنڈروںکے استعمال کی اجازت نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ ہائی ایس ویگن میں سی این جی سلنڈر پچھلے دروازے کے اندرایک علیحدہ ڈبہ میں لگائے جائیں اورکوئی بھی سلنڈر یا پائپ مسافر کیبن میں نہ ہوجبکہ ہوا کا اخراج بھی باہر رکھاجائے اور کم از کم ایک(Fire Extinguisher)گاڑی میں ضروری ہے اسی طرح سوزوکی پک اپ میں ایک سے زیادہ سلنڈر کی اجازت نہیں ہے۔

اس مہم کے دوران تمام ناجائزاور غیر قانونی سی این جی سلنڈروں کو گاڑیوں سے اتروایا جائے گا اور مالکان اوردیگر ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمات درج کیے جائیں گے ۔اس حوالے سے تمام ٹرانسپورٹرزحضرات کو بھی خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ اوگراسے منظور شدہNZS 5454:1999سٹینڈرڈ کے مطابق سی این جی سلنڈر اور کٹ لگائی جائے جس کے مسلسل معائنے کو یقینی بنایا جائے ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی ۔

متعلقہ عنوان :