شہریوں کو معیاری اور بہترین تفریح مہیا کرنا ترجیحات میں شامل

ہے، وسیم اختر فوڈ فیسٹیول کراچی کی رونق ہیں جہاں شہریوں کوکم خرچ میں عمدہ اور معیاری تفریح مہیا ہوتی ہے،ایسے مواقع روایتی کھانوں اور ثقافتی اقدار کو فروغ دینے کا سبب بنتے ہیں، میئر کراچی

جمعہ 9 مارچ 2018 23:03

شہریوں کو معیاری اور بہترین تفریح مہیا کرنا ترجیحات میں شامل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مارچ2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہریوں کو معیاری اور بہترین تفریح مہیا کرنا ترجیحات میں شامل ہے،فوڈ فیسٹیول کراچی کی رونق ہیں جہاں شہریوں کوکم خرچ میں عمدہ اور معیاری تفریح مہیا ہوتی ہے،ایسے مواقع روایتی کھانوں اور ثقافتی اقدار کو فروغ دینے کا سبب بنتے ہیں،یہ بات انہوں نے جمعہ کی شام بیچ پارک کلفٹن میں تین روزہ فوڈ فیسٹیول کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد، آرگنائزر کیبن رائے اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، میئر کراچی نے فیسٹیول کے افتتاح کے بعد مختلف اسٹالز کا دورہ کیا ، فیسٹیول میں شرکت کرنے والے شہریوں سے بات چیت کی، میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت فوڈفیسٹیول کی کامیابی کا ثبوت ہے، توقع ہے کہ تیس سے چالیس ہزار افراد روزانہ اس فوڈفیسٹیول میں شرکت کے لئے بیچ پارک آئیں گے، کراچی کے دیگر علاقوں میں بھی اس طرز کے فوڈ فیسٹیول منعقد کئے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ان سے مستفید ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ صرف کراچی کے شہریوں کے لئے ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لوگوں کے لئے کلفٹن کا ساحل ایک بہترین تفریحی مقام ہے جہاںہر روز بڑی تعداد میں لوگ اپنی فیملی کے ہمراہ تفریح کے لئے آتے ہیں، ساحل سمندر پر وسیع و عریض باغ ابن قاسم بھی شہریوں کی تفریح کا مرکز ہے لہٰذا اس کی اہمیت کے پیش نظر باغ ابن قاسم کی بحالی اور تزئین کے لئے اقدامات کئے گئے اور اسے ایک بہتر پارک کی شکل دی گئی ہے، اسی طرح بیچ پارک کو بھی بہتر بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ شہر کے پارک شہریوں کی امانت ہیں اور ہم ان کی حفاظت اور نگہداشت کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔

#

متعلقہ عنوان :