پاکستانی ورک فورس میںخواتین کے کردار کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ،ْطارق فضل چوہدری

کوئی ملک آدھی آبادی کو گھر بٹھا کر ترقی نہیں کر سکتا ،ْ خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا ہوگا ،ْ خطاب

جمعہ 9 مارچ 2018 22:55

پاکستانی ورک فورس میںخواتین کے کردار کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ،ْطارق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2018ء)وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستانی ورک فورس میںخواتین کے کردار کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ،ْ کوئی ملک آدھی آبادی کو گھر بٹھا کر ترقی نہیں کر سکتا ۔ خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا ہوگا۔وہ اسلام آباد کی انتظامیہ کی طرف سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقد کئے گئے سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔

سیمینار سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی ۔ مقررین نے پاکستانی خواتین کے معاشرے میں ابھرتے ہوئے کردار اور ان کو درپیش مسائل سے متعلق آگاہی فراہم کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ یہ دن ہمیں معاشرے میں خواتین کے کردار کی اہمیت سے متعلق آگاہی فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

دنیا بھر کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں جس کی بنا پر معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

پاکستان میں خواتین قریباًتمام شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔ خواتین ان شعبوں میں بھی جوروایتی طور پر خالصتاًمردوں سے منصوب تھے، اب آگے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں ، پاکستان کی خواتین سیاست ، فوج ، سول سروس ، معاشی شعبوں میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔پنجاب سے خیبر ، خیبر سے سندھ ، سندھ سے بلوچستان، گویا کہ پاکستان کے ہر کونے میں خواتین اپنی فلاح اور ملک کی ترقی کے لیے پیش پیش ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میںخواتین کے حقوق سے متعلق مزید آگاہی کی ضرورت ہے۔ ایسے سیمینار سے خواتین کے حقوق سے متعلق آگاہی پھیلے گی۔خواتین کو مردوں کے برابر تنخواہ اور کاروبار کے مواقع فراہم کئیے جانے چائیں ۔پاکستان میں کاروباری خواتین کی تعداد انتہائی کم ہے جس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کے تعاون سے اسلام آباد میں بچیوں کے 226 تعلیمی اداروں میں کمپیو ٹر لیبارٹریاں بنائی جا چکی ہیں جن کے ذریعے بچیوں کو کمپیوٹر کی تعلیم پہلی جماعت سے دی جا رہی ہے ۔