وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں سب سے بڑا چیلنج قرار دیدیا

معاملہ مشترکہ مفادات کونسل کے پلیٹ فارم پر صوبائی حکومتوں کے ساتھ اٹھایا جائے گا ،ْوزیر اعظم کی پاپو لیشن کونسل کے وفد کو یقین دہانی

جمعہ 9 مارچ 2018 22:54

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پائیدار اقتصادی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ اس پر صوبائی حکومتوں کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ وہ جمعہ کو پاپولیشن کونسل کے وفد سے بات چیت کررہے تھے جس نے جمعہ کو ان سے ملاقات کی۔ پاپولیشن کونسل کی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر زیبا اے ستار (تمغہ امتیاز) وفد کی قیادت کر رہی تھیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں سب سے بڑا چیلنج ہے جسے صوبائی حکومتوں کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سیکٹر میں معیاری سروسز کی ڈیلیوری اور رسائی میں اضافہ کیلئے زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر زیبا نے اس موقع پر ملک کی آبادی اور دیگر مسلم ممالک کے مقابلہ میں اقتصادی ترقی پر ان کے اثرات سے متعلق ایک جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے کونسل کی سفارشات بھی پیش کیں جو تیز رفتار آبادی میں اضافہ کے چیلنجوں پر قابو پانے میں مددگار ہو سکتی ہیں۔ وزیراعظم نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ یہ معاملہ مشترکہ مفادات کونسل کے پلیٹ فارم پر صوبائی حکومتوں کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ وفد کے دیگر ارکان میں ڈائریکٹر پروگرامز ڈاکٹر علی محمد میر اور سینئر اکانومسٹ سیمن اشفاق اور ڈاکٹر مختار شامل تھے۔