وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر کی ملاقات

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تمام شعبوں میں دوستانہ تعاون قائم ہے جسے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، وزیراعظم ہائی کمشنر کی مہاتما بدھ کا متبرک دانت سری لنکا میں وساکھ میلے کے دوران نمائش کیلئے فراہم کرنے کی درخواست

جمعہ 9 مارچ 2018 22:25

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر کی ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) ایل کے جیاناتھ سی پریرا نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تمام شعبوں میں دوستانہ تعاون قائم ہے جسے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو سارک فورم کو علاقائی تعاون کیلئے ایک فعال پلیٹ فارم کے طور پر بحال کرنے کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے سری لنکا کی قیادت کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے مذہبی رسومات کیلئے پاکستان کا سفر کرنے والے بدھ مت کے پیروکاروں کو سہولیات فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سری لنکا کی حکومت کی جانب سے مہاتما بدھ کا متبرک دانت سری لنکا میں وساکھ میلے کے دوران نمائش کیلئے فراہم کرنے کی درخواست کی۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے پاکستان کی جانب سے کھاد کی فراہمی پر اپنی حکومت کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔