گزشتہ چھ ماہ میں ایکسپورٹس میں 15 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے‘

چینی کی درآمد کا فیصلہ ملکی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے، وزیر تجارت پرویز ملک کا قومی اسمبلی میں جواب

جمعہ 9 مارچ 2018 13:24

گزشتہ چھ ماہ میں ایکسپورٹس میں 15 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے‘
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2018ء) وزیر تجارت پرویز ملک نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ میں ایکسپورٹس میں 15 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے‘ چینی کی درآمد کا فیصلہ ملکی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شیخ روحیل اصغر کے سوال کے جواب میں وزیر تجارت پرویز ملک نے شیخ روحیل اصغر کے سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت نے 2.750 ایم ایم ٹن چینی کی درآمد کی اجازت دی ہے جس میں سے تقریباً 1.2 ایم ایم ٹن چینی برآمد کی گئی ہے اور باقی کی برآمد جاری ہے۔

یہ چینی افغانستان‘ سعودی عرب‘ کینیڈا‘ سنگاپور‘ جبوتی‘ صومالیہ‘ بھارت‘ سوڈان‘ انڈونیشیا‘ تاجکستان سمیت دیگر ممالک کو برآمد کی گئی۔ وزارت تجارت اس بات کا خیال رکھتی ہے کہ ایکسپورٹ کا ہدف ملکی ضروریات کو مدنظر رکھ کر مقرر کرتی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت تجارت ایکسپورٹ نہیں کرتی ہے۔ ملز مالکان وزارت صنعت کے ساتھ مل کر چینی کی برآمد کے حوالے سے کام کرتے ہیں۔

عائشہ سید کے ضمنی سوال کے جواب میں پرویز ملک نے کہا کہ دنیا میں تجارت کا شعبہ انتہائی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ اس میں ہمیں ٹیرف اور پیداواری لاگت جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ جن ملکوں کی پیداواری لاگت کم ہوتی ہے ان کی درآمدات زیادہ ہیں۔ ہمارا دنیا کے ساتھ مقابلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ گزشتہ چھ ماہ میں ہماری ایکسپورٹ میں 15 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جو انتہائی حوصلہ افزا بات ہے۔