زرداری نے رضا ربانی کو چئیرمین سینیٹ نامزد نہ کرنے کی وجہ بتا دی

رضا ربانی نواز شریف کے زیادہ قریب ہیں، انہوں نے نواز شریف کی آئینی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا،سابق صدر

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 8 مارچ 2018 22:44

زرداری نے رضا ربانی کو چئیرمین سینیٹ نامزد نہ کرنے کی وجہ بتا دی
کوئٹہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 08مارچ 2018ء) :زرداری نے رضا ربانی کو چئیرمین سینیٹ نامزد نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔صدر زرداری کا کہنا تھا کہ رضا ربانی نواز شریف کے زیادہ قریب ہیں، انہوں نے نواز شریف کی آئینی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا۔تفصیلات کے مطابق جب سے سینیٹ الیکشن ہوئے ہیں تب سے ہی اگلے چئیرمین سینیٹ کے نام پر بحث شروع ہو چکی ہے۔12مارچ کو منعقد ہونے والے سینیٹ کے چئیرمیں اور ڈپٹی چئیرمین کے انتخاب کے لیے سیاسی جوڑ توڑ عروج پر ہے۔

سیاسی پنڈتوں سمیت مسلم لیگ ن کی جانب سے سابق چئیرمین سینیٹ رضا ربانی کو سینیٹ چئیرمین کے عہدے کے لیے موزوں ترین قرار دیا جارہا تھا۔مسلم لیگ ن کی حمایت کے بعد پیپلز پارٹی سے توقع کی جا رہی تھی کہ وہ رضا ربانی کو ایک بار پھر چئیرمین سینیٹ نامزد کر دے لیکن کل مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرادری نے اس امکان کو یکسر رد کر کے سیاسی پنڈتوں کو بڑا سرپرائز دیا۔

(جاری ہے)

تب سے ہی یہ سوال زبان زد عام تھا کہ آخر سابق صدر رضاربانی کو چئیرمین کیوں نہیں بنانا چاہتے۔آخر کار سابق صدر نے اس پر خاموشی توڑتے ہوئے خود ہی اسکا جواب دے دیا ۔انکا کہنا تھا کہ میں اپنے چئیرمین پر اعتراض نہیں کرنا چاہتا لیکن رضا ربانی کو نامزد نہ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ وہ نواز شرف کے زیادہ قریب ہیں۔انہوں نے نواز شریف کی آئینی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا اور 18ویں ترمیم پر ہمارے تحفظات کو بھی دور نہیں کیا۔