ہم چاہتے ہیں اس بار چیئرمین سینٹ بلوچستان سے ہو ، میر عبدالقدوس بزنجو

عدالتوں کے فیصلے کا احترام کرنا چاہئے،نوازشریف عدلیہ پرتنقید سے گریزکریں،وزیراعلی بلوچستان

جمعرات 8 مارچ 2018 23:08

ہم چاہتے ہیں اس بار چیئرمین سینٹ بلوچستان سے ہو ، میر عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس بار چیئرمین سینٹ بلوچستان سے ہو جب سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو عدالت سے نا اہل قراردیاگیاتو نواز شریف عدالتی فیصلے کو نہ صرف تسلیم کرتے تھے بلکہ یو سف گیلانی کو مشورہ دے رہے تھے کہ وہ فیصلہ کو تسلیم کریںاور تنقید سے گریز کریںآج وہ خود اس اصول کو تسلیم نہیں کررہے ۔

یہ بات انہوں نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلے کا احترام کرنا چاہئے اداروں کو بیجا تنقید کانشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہا تو کچھ بھی ہوسکتا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اس بار چیئرمین سینٹ بلوچستان سے ہو اور اپنی یہ بات ہم سب سے کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بھی ان سے ملاقات کرنے آرہے ہیں اس سے پہلے بھی آصف زرداری نے ہمیں سپورٹ کیا ہے ہم چاہتے ہیں کہ آزاد حیثیت میں بلوچستان کے حقوق کی بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی سے بھی سپورٹ دینے کی بات کریں گے اور چاہتے ہیں کہ میاں صاحب بھی ہمارا ساتھ دیں۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے کہا کہ تبدیلی کے وقت طرح طرح کی باتیں کی گئیں لیکن آج سب لوگ اس تبدیلی کو مثبت قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے سینیٹ کے حالیہ انتخاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں پہلی بار کسی نے ووٹ نہیں بیچا انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام جماعتیں بلوچستان کے بارے میں ہمدردانہ رویہ اختیار کریں گی جس سے صوبہ میں احساس محرومی کو ختم کرنے میںمدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :