وفاقی حکومت نے بلوچستان اور صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو ہمیشہ ترجیح دی ہے ،ْوزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

بلوچستان تیل و گیس ‘ معدنیات ‘ قیمتی دھاتوں اور بندرگاہ سمیت قدرتی وسائل سے مالا ہے اور عنقریب یہ سب سے زیادہ ترقی یافتہ علاقہ ہوگا ،ْطلباء کے وفد سے بات چیت

جمعرات 8 مارچ 2018 23:07

وفاقی حکومت نے بلوچستان اور صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو ہمیشہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان اور صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو ہمیشہ ترجیح دی ہے ‘ وزیراعظم نے یہ بات جمعرات کو یہاں وزیراعظم آفس میں کیڈٹ کالج مستونگ بلوچستان کے طلباء کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔وزیراعظم نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹھارویں ترمیم کرنے کے بعد عوامی خدمات کے بیشتر ادارے صوبوں کو منتقل ہوگئے ہیں تاہم اس کے باوجود وفاقی حکومت نے ہمیشہ صوبے اور اس کے عوام کی ترقی کو اہمیت دی ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان تیل و گیس ‘ معدنیات ‘ قیمتی دھاتوں اور بندرگاہ سمیت قدرتی وسائل سے مالا ہے اور عنقریب یہ سب سے زیادہ ترقی یافتہ علاقہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلباء کو اپنی تعلیم اور کام پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ طلباء کو پاکستان بلخصوص بلوچستان کی خدمت کے لئے اپنی تعلیم اور کام پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی اسی صورت میں وہ بہتر پوزیشن حاصل کرسکیں گے اور صوبے کی خدمت کرسکیں گے۔

وزیراعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کیڈٹ کالج مستونگ کے بیشتر طلباء مسلح افواج میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اور ملک کی خدمت کررہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور رکن قومی اسمبلی شزہ فاطمہ خواجہ نے طلباء کو حکومت کے انتظامی شاخ کے امور کار کے بارے میں بریفنگ دی اور انہیں وزیراعظم آفس کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔