Live Updates

عبدالقدوس بزنجو کی عمران خان سے ملاقات ،چیئرمین پی ٹی آئی کا سینیٹ کی تمام نشستیں وزیراعلی بلوچستان کو دینے کا اعلان

سینیٹ کا چیئرمین بلوچستان سے ہونا چاہئے ، سب کی کوشش ہونی چاہئے چیئرمین سینیٹ (ن) لیگ سے نہ ہو ورنہ یہ نواز شریف کو کرپشن کی اجازت دینے کا قانون بنانے کی کوشش کرینگے، پاناما کیس کے بعد یہ ہر اس ادارے پر حملہ کررہے ہیں جو ان کا غلام نہیں، عمران خان کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 8 مارچ 2018 22:58

عبدالقدوس بزنجو کی عمران خان سے ملاقات ،چیئرمین پی ٹی آئی کا سینیٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2018ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی سینیٹ کی 13 نشستیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کو دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ کا چیئرمین بلوچستان سے ہونا چاہئے ، سب کی کوشش ہونی چاہئے چیئرمین سینیٹ (ن) لیگ سے نہ ہو ورنہ یہ نواز شریف کو کرپشن کی اجازت دینے کا قانون بنانے کی کوشش کرینگے، پاناما کیس کے بعد یہ ہر اس ادارے پر حملہ کررہے ہیں جو ان کا غلام نہیں ۔

جمعرات کو وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سینیٹ کا چیئرمین بلوچستان سے ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہم اپنی سینیٹ کی 13 سیٹیں وزیراعلیٰ بلوچستان کے حوالے کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم سب کی کوشش ہونی چاہئے کہ سینیٹ کا چیئرمین (ن) لیگ سے نہ ہو کیونکہ (ن) لیگ والے جمہوریت کے نام پر لوٹنے والے لوگ ہیں یہ نوازشریف کوکرپشن کرنے کی اجازت دینے کا قانون بنانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے پاناما کیس سامنے آیا ہے (ن) لیگ والے نواز شریف کی چوری بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ ہر اس ادارے پر حملہ کر رہے ہیں جو ان کا غلام نہیں، یہ کبھی فوج پر حملہ کرتے ہیں تو کبھی سپریم کورٹ پر، یہ جمہوری رویہ نہیں ہے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے دل بڑا کرکے ہماری حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ چند گھنٹوں بعد آصف زرداری ہم سے ملنے آرہے ہیں، آصف زرداری کو قائل کرینگے کہ چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم حاصل بزنجو کو اب بھی نواز شریف کی ٹیم میں سمجھتے ہیں اور انہیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہماری ٹیم میں آجائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات