ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار

عدالتی حکم پر الیکشن کمیشن نے اپنا جواب جمع کرایا، ملی مسلم لیگ کی جانب سے راجہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے الیکشن کمیشن کی جانب سے ملی مسلم لیگ کی درخواست مسترد کیا جانا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،ْرضوان عباسی کے دلائل

جمعرات 8 مارچ 2018 22:58

ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ملی مسلم لیگ کی درخواست پر سماعت کی۔عدالتی حکم پر الیکشن کمیشن نے اپنا جواب جمع کرایا، ملی مسلم لیگ کی جانب سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف راجہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔

(جاری ہے)

رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ بطور پاکستانی شہری یہ حق حاصل ہے کہ ان کے نام پر سیاسی جماعت رجسٹرڈ ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ملی مسلم لیگ کی درخواست مسترد کیا جانا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔عدالت عالیہ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو ملی مسلم لیگ کی درخواست کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔اس سے قبل 22 اگست 2017 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن پر پابندی کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :