ہماری آبادی کا قریباً نصف خواتین پر مشتمل ہے ،عمران خان

پاکستان کی سیاست و معیشت میں جب تک خواتین کو برابر کا کردار نہیں دیں گے ترقی کا خواب پورا نہیں ہوگا،پیغام

جمعرات 8 مارچ 2018 22:55

ہماری آبادی کا قریباً نصف خواتین پر مشتمل ہے ،عمران خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2018ء)عالمی یوم نسواں کے موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہماری آبادی کا قریباً نصف خواتین پر مشتمل ہیپاکستان کی سیاست و معیشت میں جب تک خواتین کو برابر کا کردار نہیں دیں گے ترقی کا خواب پورا نہیں ہوگا۔کوئی بھی قوم ترقی نہیں کرسکتی اگر اسکے نصف کو محض عضو معطل میں تبدیل کردیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ماؤں بہنوں کے لازوال کردار کی امین اور شاہد ہے۔تحریک پاکستان سے آج تک چلنے والی ہر تحریک میں ہماری خواتین نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔سیاست پر مسلط ایک مخصوص طبقے نے تعمیر ملت ایسے فریضے میں خواتین کے کردار کو محدود کرنے کی کوشش کی۔تحریک انصاف نے ایک مرتبہ پھر اپنی خواتین کو قومی منظرنامے پر متحرک کیا۔

(جاری ہے)

ہمیں فخر ہے کہ آج پاکستان کی خواتین سیاسی طور پر بیدار اور متحرک ہوچکی ہیں۔خواتین کی بہبود یقینی بنائیں گے اور قومی سطح پر انکا کردار مزید توانا اور مستحکم کریں گے۔ملکی معیشت میں خواتین کے کردار کو مستحکم کرنے کیلئے خصوصی پروگرامز اور سکیمیں متعارف کروائیں گے۔خواتین کیخلاف ہر قسم کے تشدد اور استحصال کا خاتمہ ترجیحاً ہمارے ایجینڈے کا حصہ ہے۔پاکستان کی تعمیر و ترقی میں خواتین کی خدمات کا تہہ دل سے اعتراف کرتے ہیں۔