حکومت بے روزگاری کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے، نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے

وزیراعلیٰ سندھ کی یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر جان اسمتھ سرین اور کراچی میں قائم مقام امریکی قونصل جنرل جان وارنر سے ملاقات دوران گفتگو

جمعرات 8 مارچ 2018 22:47

حکومت بے روزگاری کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے، نوجوانوں کو ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت بے روزگاری کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے، بالخصوص خواتین کی بے روزگاری کے حوالے سے اہم ا قدامات کررہی ہے اور نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے علاوہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلی ہائوس میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر جان اسمتھ سرین اور کراچی میں متعین قائم مقام امریکی قونصل جنرل جان وارنر سے ملاقات دوران کیا۔

اس موقع پر وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر، سیکریٹری تعلیم اقبال درانی، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت اور یو ایس ایڈ کے حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں یو ایس ایڈ کی جانب سے سندھ میں جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ صوبے میں تعلیمی نظام کو بہتر بنایا جائے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔

اس حوالے سے وزیراعلی سندھ نے وزیر تعلیم کو ہدایت کی کہ رواں ماہ کے آخر تک صوبے کے تمام اسکولوں میں بچوں کی داخلہ مہم کا آغاز کرے۔ یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر جان اسمتھ سرین نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ سندھ میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے 106 اسکول تعمیر کئے جا رہے ہیں، فی الوقت 33 اسکول مکمل تیار ہیں جن کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلایا جائے گا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ میں کل 30 ہزار پرائمری اور 4 ہزار مڈل اسکول ہیں، میری خواہش ہے کہ مڈل اسکولوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے جس سے پڑھائی چھوڑنے کے تناسب میں خاطرخواہ کمی آئے گی۔