حکومت بیروزگاری کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہیں ،سید مراد علی شاہ

نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے مواقع پیدا کرنا اور فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، وزیراعلیٰ ہائوس میں یو ایس ایڈ کے وفد سے ملاقات

جمعرات 8 مارچ 2018 22:47

حکومت بیروزگاری کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہیں ،سید مراد علی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت بے روزگاری کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہیں بالخصوص خواتین کی بے روزگاری کیلئے اہم ا قدامات کررہی ہے۔ نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے مواقع پیدا کرنا اور فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلی ہائوس میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر جان سمتھ سرین اور کراچی میں متعین قائم مقام امریکی قونصل جنرل جان وارنر سے ملاقات دوران کی۔

اس موقع پر وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر، سیکریٹری تعلیم اقبال درانی، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت و یو ایس ایڈ کے حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں یو ایس ایڈ کی جانب سے سندھ میں جاری منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کوشش ہے صوبے میں تعلیمی نظام کو بہتر کروں، تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں، اس حوالے سے وزیراعلی سندھ نے وزیر تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک صوبے کے تمام اسکولوں میں بچوں کی داخلہ مہم کا آغاز کرے۔

یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر جان سمتھ سرین نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ سندھ میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے 106 اسکول تعمیر کیے جارہے ہیں ،فی الوقت 33 اسکول مکمل تیار ہیں جن کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلایا جائے گا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ میں کل 30 ہزار پرائمری اور 4 ہزار مڈل اسکول ہیں، میری خواہش ہے کہ مڈل اسکولوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے جس سے پڑھائی چھوڑنے کے تناسب میں خاطرخواہ کمی آئے گی۔

علاوہ ازیں ملاقات میں وزیراعلی سندھ نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کے کیلئے روزگار کے ذرائع پیدا کرنا چاہتے ہیں، سندھ حکومت اس وقت خواتین کے غربت کے خاتمے کیلئیکوشاں ہے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انھیں مساوی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :