پانچ برسوں میں شفاف ترقی ہوئی ،2018میں شیر بازی لے جائے گا‘حمزہ شہباز

گالیاں دینے اور عزتیں اچھالنے سے کوئی لیڈر نہیں بن سکتا،بلدیاتی ادارے جمہوریت کی بنیاد ہیں‘اجلاس سے خطاب

جمعرات 8 مارچ 2018 22:45

پانچ برسوں میں شفاف ترقی ہوئی ،2018میں شیر بازی لے جائے گا‘حمزہ شہباز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے کہاہے کہ گزشتہ پانچ برسوں میں ملک بھر میں صاف اور شفاف ترقی ہوئی ہے،کوئی کچھ بھی کر لے عوام کی خدمت اور ملکی ترقی کا سفر او رمشن ہر حال میں جاری رکھیں گے اور 2018میںبھی شیر بازی لے جائیگا ،چکوال،لودھراں اور سرگودھا کے ضمنی انتخابات نے ثابت کردیاہے کہ میاں نوازشریف کو نااہل تو کیاجاسکتا ہے لیکن عوام کے دلوں میں سے نکالا نہیں جاسکتاکیونکہ نوازشریف نے لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کو اجالوں میںبدلنے سے لیکر 42ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری تک اور ملک کوایٹمی طاقت بنانے سے لیکر موٹر ویز کے جال بچھانے تک تمام وعدے وفا کئے ہیں ۔

حمزہ شہباز نے گوجرانوالہ کے دورے کے موقع پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے مشاورتی اجلاس اور بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کررہے تھے جس میں وفاقی وزیر خرم دستگیر صوبائی وزیز منشاء اللہ بٹ نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہاکہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی بنیاد ہیں اور انشاء اللہ دوبارہ موقع ملاتو ان اداروں کو مزید فنڈز دیںگے اور انہیں اور مضبوط بنائیںگے۔

انہوں نے کہاکہ میگا منصوبوں کے ساتھ ساتھ گلی محلے کے مسائل کا حل بھی ضروری ہے اور ان معاملات کیلئے کونسلر ز کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ عزت اللہ تعالیٰ عطا کرتا ہے اور اس کی بنیاد لوگوں کی خدمت ہے ۔کنٹینر پر چڑھ کر گالیاں دینے اور عزتیں اچھالنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا اسی طرح ترقی کا سفر زبانی جمع خرچ سے نہیں طے ہوتا اس کے لئے عوام کے دل میںگھر کرنا پڑتا ہے اور ان کے بنیادی مسائل کا ادراک کرکے انہیں حل کرنے کیلئے عملی کاوشیں کر نا پڑتی ہیں ۔

حمزہ شہبازنے گوجرانوالہ چیمبرآف کا مرس کی تاجر برادری کے نمائندوں ،وکلا ء،خواتین ،علمائے کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد سے ملاقات کی اور 11مارچ کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے جلسہ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔حمزہ شہباز نے کہاکہ کراچی میں اغوابرائے تاوان کے واقعات ختم ہونے کر قریب ہیں ،دہشت گردی دم توڑ رہی ہے اور ملک کو دن بدن استحکام حاصل ہورہاہے ۔

اپنے خطاب میںوفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے گوجرانوالہ پرلاتعداد احسانات ہیں اور اس شہر کے عوام 11مارچ کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں جلسے میںشریک ہوکر ان تمام ترقیاتی کاموں کا شکر یہ ادا کرینگے ۔اس موقع پر مسلم لیگ یوتھ ونگ کے کارکنوں نے حمزہ شہباز کا شاندار استقبال کیا اور بھر پور نعرے بازی کی ،خواتین کونسلر ز کی بڑی تعداد بھی اس موقع پرموجود تھی ۔