Live Updates

ْ سینیٹ چئیرمین، عمران خان نے تحریک انصاف کی 13 سیٹیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے حوالے کردیں

جمعرات 8 مارچ 2018 22:27

ْ سینیٹ چئیرمین، عمران خان نے تحریک انصاف کی 13 سیٹیں وزیر اعلیٰ بلوچستان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2018ء) سینیٹ چئیرمین کے حوالے سے عمران خان نے اہم ترین اعلان کرتے ہوئے سینیٹ چئیرمین کے لیے تحریک انصاف کی 13 سیٹیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے حوالے کردیں۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج شام بلوچستان ہائو س اسلام آباد میں بلوچستان کے وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد انہوں نے میڈیا سے اہم گفتگو کی۔ انہوں نے سینیٹ چئیرمین کے حوالے سے تحریک انصاف کی 13 سیٹیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے حوالے کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کا چیئرمین بلوچستان سے ہونا چاہیے اس لیے فیصلہ کیا ہے اورسینیٹ کی 13سیٹیں وزیراعلی ٰبلوچستان کے حوالے کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سب کی کوشش ہونی چاہیے سینیٹ کا چیئرمین نون لیگ سے نہ ہو۔

عمران خان نے مزید کہا کہ چیئرمین سینیٹ مسلم لیگ کا ہوا تو وہ نواز شریف کو کرپشن کرنیکی اجازت دینے کا قانون بنانے کی کوشش کرینگے۔ نون لیگ والے جمہوریت کے نام پر لوٹنے والے لوگ ہیں۔ یہ ہر اٴْس ادارے پر حملہ کر رہے ہیں جو ان کا غلام نہیں۔ جب سے پاناما آیا نون لیگ والے نواز شریف کی چوری بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ خان صاحب نے دل بڑا کر کے ہماری حمایت کا کہا۔زرداری صاحب کو قائل کریں گے چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے ہو۔ ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات