ایف بی آر اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے 2روزہ کانفرنس کا انعقاد

برآمدات و درآمدات میں آسانی کیلئے نیشنل سنگل ونڈو برائے تجارت کے اقدام کو سراہا گیا

جمعرات 8 مارچ 2018 20:14

ایف بی آر اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے 2روزہ کانفرنس کا انعقاد
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2018ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے تعاون سے 2روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ مقررین نے ایف بی آراور یو ایس ایڈ کے اشتراک سے پاکستان کی برآمدات و درآمدات میں آسانی کیلئے نیشنل سنگل ونڈو (این سی ڈبلیو) برائے تجارت کے اقدام کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے عام درآمدی و برآمدی اور راہداری سے متعلق قانونی تقاضے پورے کرنے اور وقت کے ضیاع سے بچنے کے ساتھ ساتھ آن لائن طریقہ کار کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ یو ایس ایڈ اور ایف بی آر کے باہمی اشتراک سے منعقدہ کانفرنس میں 100 سے زائد حکومتی حکام نے شراکت کی۔ نیشنل سنگل ونڈو (این سی ڈبلیو) کے تحت 42 ملکی اداروں کو ایک دوسرے کی معلومات کے تبادلہ کے ساتھ کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی اور تجارت سے متعلق دیگر معاملات کے حل کیلئے مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی اور قائمہ کمیٹی برائے ایف بی آر کے چیئرمین سیّد اسد مشہدی نے کہا کہ این سی ڈبلیو ایک اہم شاندار اقدام ہے جس سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔ سیکرٹری جنرل پاکستان سافٹ ویئر ہائوس ایسوسی ایشن شہریارحیدری نے کہا کہ این سی ڈبلیو کا اقدام خوش آئند ہے جس سے تجارتی سرگرمیوں اور برآمد و درآمد کنندگان کیلئے سہولت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی دوسرا بڑا ملکی صنعتی شعبہ ہے جس کی سالانہ ترقی کی شرح 20 سے 30 فیصد ہے جو مستقبل میں بڑی صنعت ہو گی۔ این سی ڈبلیو سے اس صنعت کو بھی تقویت ملے گی۔

متعلقہ عنوان :