بی آئی ایس پی کی مناسب حکمت عملی تشکیل دینے کیلئے درست سماجی و اقتصادی اعدادوشمار کی دستیابی بہت اہم ہے،

چیئرپرسن ایم این اے ماروی میمن

جمعرات 8 مارچ 2018 18:32

بی آئی ایس پی کی مناسب حکمت عملی تشکیل دینے کیلئے درست سماجی و اقتصادی ..
اسلام آباد۔ 8 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2018ء) چیئرپرسن بی آئی ایس پی ایم این اے ماروی میمن نے کہا کہ پروگرام کیلئے مناسب حکمت عملی تشکیل دینے کیلئے درست سماجی و اقتصادی اعدادوشمار کی دستیابی بہت اہم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی غریب افراد کی مالی نظام میں شمولیت اور گریجویشن کے ذریعے غربت کے خاتمے کی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم این ایس ای آرکی اپڈیشن پاکستان میں ترقی کیلئے ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کوبی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری(این ایس ای آر)کا افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر،20مستحق خواتین کو بی آئی ایس پی کے غیر مشروط مالی معاونت کے پروگرام میں انتخاب پر سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔

(جاری ہے)

ماروی میمن نے کہا کہ قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری پاکستان کے سماجی و اقتصادی اعدادوشمار کا سب سے بڑا ڈیٹا بیس ہے۔

یہ ملک بھر میں سماجی و اقتصادی ترقی کی منصوبہ بندی میں بی آئی ایس پی اور حکومت کی مدد کرتا ہے۔ یہ سول سوسائٹی، شراکتی اداروں اور این جی اوز کو انکی سرگرمیاں، منصوبوں اور پروگراموں کی منصبوبہ بندی میں بھی مدد کرتا ہے۔ ابتدائی مرحلہ میں ، 3.8ملین گھرانوں کا ڈیٹا اکھٹا کیا گیا ہے اور یہ ڈیٹا بی آئی ایس پی سمیت کئی سرکاری پروگرامو ں میں استعمال کیا جائے گا۔

بی آئی ایس پی ملک بھر میں 100 فیصد سروے کے ذریعے این ایس ای آر کو اپڈیٹ کررہا ہے۔انھوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے پاس فاٹا کی دو ایجنسیوں کے علاوہ پاکستان بھر سے 27ملین سے زائد گھرانوں کے سماجی و اقتصادی اعدادوشمار کی معلومات پر مبنی ڈیٹا بیس موجود ہے۔ سال 2010-11میں کئے جانے والے پاورٹی اسکور کارڈ سروے کے نتیجے میں یہ رجسٹری قائم ہوئی۔

سروے میں ملک کی تقریبا 87 فیصد آبادی کو کور کیا گیا۔ پراکسی مینز ٹیسٹ کے تحت سائنسی بنیادوںپر گھرانوںمیں غربت کی سطح کا تعین کیا گیا جس کے تحت 0-100کے درمیان گھرانوں کی فلاحی حیثیت کا جائزہ لگایا گیا۔ ماروی میمن نے مزید کہا کہاین ایس ای آر کا افتتاح میرے لئے فخر کی بات ہے اور یہ ہماری حکومت کی غریب نواز ترجیحات کی عکاسی کرتی ہے۔

قبل ازیں، اپنے استقبالیہ کلمات میں، سیکرٹری بی آئی ایس پی ، عمرحمید خان نے کہاکہ یہ بات بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ہے کہ پانچ سال میں ایک گھرانے کی ڈیموگرافکس میں تبدیلی رونما ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے نئے سماجی و اقتصادی اعدادوشمار کو اکھٹا کرنے کی اشد ضرورت تھی، لہذا این ایس ای آر کا افتتاح کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماجی تحفظ نیٹ کے حوالے سے بی آئی ایس پی کا پاکستان میں پہلا جبکہ دنیا میں پانچواں نمبر ہے۔

تقریب میں اراکین پارلیمنٹ، سفارتکاروں، شراکتی اداروں کے نمائندگان اور بی آئی ایس پی مستحقین نے شرکت کی۔ دیگر مہمانوں میں منسٹر فار ہائوسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی، وزیر قانون محمود بشیر، سینیٹر راحیلہ مگسی اور ایم این اے آسیہ ناصرشامل تھیں۔

متعلقہ عنوان :