پاکستان کے عالمی تعلقات ایک سنگ میل عبور کررہے ہیں،

دوست ممالک سے قریبی تعلقات نے پاکستان کو ترقی کے سفر پر گامزن کرنے میں مدد دی، گورنر سندھ مستحکم ، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان عرب ممالک کے وسیع تر مفاد میں ہے، متحدہ عرب امارات پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا، شیخ نہیان بن مبارک النہیان آئی بی اے نے ملک کو نادر و نایاب اور قابل فخر افراد مہیا کئے جو دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں ، موجودہ حکومت ملکی کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے ، سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کا تقریب سے خطاب

جمعرات 8 مارچ 2018 18:32

پاکستان کے عالمی تعلقات ایک سنگ میل عبور کررہے ہیں،
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے عالمی تعلقات ایک سنگ میل عبور کررہے ہیں ، دوست ممالک سے قریبی تعلقات نے پاکستان کو ترقی کے سفر پر گامزن کرنے میں مدد دی ، دنیا کے ساتھ چلنے سے قومی تقاضوں اور ملکی ضروریات کے مطابق آج کا پاکستان ترقی کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میں معاشی پروگرامز کا انعقاد پاکستان کی کارکردگی اور اس کے اثرات کا واضح عکاس ہے دنیا میں موجود ہمارے دوست ممالک با الخصوص متحدہ عرب امارات سے قریبی تعلقات ان پروگرامز سے مزید مستحکم و مضبوط ہو تے ہیں ، متحدہ عرب امارات سے پاکستان کے قریبی تعلقات ہیں اور ان تعلقات میں مزید گرم جوشی شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے باعث ممکن ہوئی ، خطہ میں پاکستانی اپنا اور ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں آج کی تقریب میں بڑی تعداد سرمایہ کاروں کی شرکت اس کی واضح مثال ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈ منسٹریشن (IBA) کے زیر اہتمام تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کے ضمن میں منعقدہ پروگرام سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر شیخ نہیان بن مبارک النہیان ، سابق وزیر اعظم پاکستان شوکت عزیز، ڈین / ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ اقبال ،آئی بی اے بورڈ آف گورنرز کے میں انسٹیٹیوٹ کے سابق طالب علموں کے نمائندے محمد شاہد اور غیر ملکی سرمایہ کاروں ، صنعت کاروں ، تاجروں اور دیگر اعلیٰ حکام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ بہت زیادہ پاکستانی اپنی اعلیٰ تعلیم ، تجربہ اور صلاحیتوں کی بنیاد پر بیرون ممالک میں کام کررہے ہیں اس ضمن میں مجھے امید ہے کہ مستقبل میں آئی بی اے سے فارغ التحصیل افراد اہم کردار ادا کرینگے ، آج کا پاکستان 2013 ء سے با لکل مختلف اور ترقی کی شاہرہ پر گامز ن ہے ، امن و امان کے قیام ، انرجی بحران کے خاتمہ کے بعد موجودہ حکومت انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے کراچی ایک آئیڈیل شہر بن گیا ہے ، کراچی ایک بار ماضی کی طرح روشنیوں کا شہر بن رہا ہے ، دنیا کی کوئی بھی ملٹی نیشنل کمپنی پاکستان کی مارکیٹ کو نظر انداز نہیں کرسکتی ہے ، اس طرح کے پروگرامزپاکستان کے حقیقی تاثر کو اجاگر کرنے میں اہم ثابت ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقینی ہے کہ عصر حاضر میں آئی بی اے کے فارغ التحصیل افراد پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے اپنی اعلیٰ تعلیم ، تجربہ اور صلاحیتوں کو ایک نئی جہت دینے میں کامیاب ہو نگے۔ گورنر محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ایک وژن اور ملک وقوم کی محبت میں ہمیں پاکستان کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے لئے عصر حاضر کی ضروریات اور قومی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی جدوجہد میں شانہ بشانہ کام کرنا چاہئے ،موجودہ حکومت نے معاشی استحکام ، امن و امان کے قیام اور نرجی بحران کے خاتمہ میں کلیدی کردار ادا کیا اسے تسلسل سے آگے بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے ، پاکستان میں استعدا د کی کوئی کمی نہیں ضرورت اس کے استعمال کی ہے ، ملکی کل آبادی کے 60 فیصد سے زائد نوجوانوں کو ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے کا ر آمد بنانے سے تیز ترین ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے اس ضمن میں حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ ، تحقیق اور افرادی قوت کو ہنر مند بنانے کے لئے مختلف پروگرامز پر کام کررہی ہے جن کی تکمیل سے پاکستان بیرونی ٹیکنالوجی کی بجائے اپنی ٹیکنالوجی پر انحصار کریگا ، جامعات میں طالب علموں کو عصر حاضر کی ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے وزیرا عظم پاکستان اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کئے جار ہے ہیں تاکہ پاکستان کا نوجوان دنیا میں ہونے والی جدید تحقیق ، ٹیکنالوجی اور تبدیلی کا جائزہ لے سکے اور عصر حاضر کی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ملکی ضروریات کے مطابق تحقیق میں بھرپور حصہ لیں۔

تقریب سے خطاب میں شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے، مستحکم ، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان عرب ممالک کے وسیع تر مفاد میں ہے اس ضمن میں متحدہ عرب امارات پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا۔ سابق وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا کہ مجھے بھی یہ اعزاز حاصل ہے کہ میں نے آئی بی اے ہی اعلیٰ تعلیم حاصل کی ، آئی بی اے نے ملک کو نادر و نایاب اور قابل فخر افراد مہیا کئے جو دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں ، موجودہ حکومت ملکی کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔

ڈین / ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ اقبال نے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ دنیا بھر میں اپنے کام کو مزید وسعت دینے کے وژن پر کار بند ہے اس ضمن میں دبئی میں آئی بی اے کیمپس قائم کیا گیا ۔