غداری کیس:جنرل پرویزمشرف کی گرفتاری اور جائیدادضبط کرنے کا حکم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 8 مارچ 2018 16:33

غداری کیس:جنرل پرویزمشرف کی گرفتاری اور جائیدادضبط کرنے کا حکم
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 08 مارچ۔2018ء)اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کی گرفتاری اور جائیداد ضبطگی کا حکم دے دیا ہے۔جمعرات کو اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں جسٹس یحیٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس یاور علی اور جسٹس طاہرہ صفدر پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے سابق صدر کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران وفاقی وزارت داخلہ کے حکام نے وزارت خارجہ کو خط لکھنے کا بتایا اور ساتھ ہی پرویز مشرف کی دبئی میں جائیدادوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔رپورٹ کے مطابق،پرویز مشرف کی 7میں سے 4 جائیدادیں اب بھی ان کے نام پرہیں۔خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے پراسیکیوٹر اکرم شیخ سے استفسار کیا کہ پرویز مشرف کی گرفتاری کیلئے وفاقی حکومت نے اب تک کیا اقدامات اٹھائے ؟ دائمی ورانٹ جاری ہونے کے بعد انٹرپول سے رابطہ کرنا چاہیے تھا۔

(جاری ہے)

اکرم شیخ نے کہا کہ خصوصی عدالت کے مطابق پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں ڈالنا ضروری نہیں تھا لیکن وزارت داخلہ نے ملزم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا۔ خصوصی عدالت نے قرار دیا تھا کہ پرویز مشرف کی عدم موجودگی میں ٹرائل آگے نہیں بڑھ سکتا۔جسٹس یحیٰ آفریدی نے استفسار کیا کہ مشرف کی گرفتاری کیلئے کیا معاونت کرسکتے ہیں؟۔وکیل اکرم شیخ نے بتایا عدالت پرویز مشرف کی گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹس جاری کرسکتی ہے،شناختی کارڈ اور پاسپورٹ منسوخی کا حکم دے سکتی ہے۔عدالت نے دفترخارجہ کے حکام کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21مارچ تک ملتوی کردی۔