روایتی فنون لطیفہ کا احیاء وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت اس قدیم ثقافتی ورثہ کی سرپرستی ہمیشہ جاری رکھے گی

صدر ممنون حسین کی وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی سے ملاقات میں گفتگو وقاص احمد شائق نے صدر مملکت کو قائداعظم کی نادر تصویر پیش کی

جمعرات 8 مارچ 2018 16:33

روایتی فنون لطیفہ کا احیاء وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت اس قدیم ثقافتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2018ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے روایتی فنون لطیفہ کا احیاء وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت اس قدیم ثقافتی ورثہ کی سرپرستی ہمیشہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ممتاز خطاط اشرف ہیرا اور آرٹسٹ وقاص احمد شائق بھی موجود تھے۔

اس موقع پر آرٹسٹ وقاص احمد شائق نے صدر مملکت کو قائداعظم کی نادر تصویر بھی پیش کی۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان میں خطاطی اور دیگر فنون لطیفہ کے احیاء اور اس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کی دلچسپی صرف اس حقیقت کی مظہر نہیں کہ ہماری نئی نسل اپنے ثقافتی ورثے کے ساتھ شعوری دلچسپی رکھتی ہے بلکہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ آنے والے دن نہ صرف ہماری تہذیبی شان و شوکت کے احیاء بلکہ قومی ترقی اور قومی وقار میں اضافہ کا بھی ذریعہ بنیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ عالم کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ جن قوموں نے اپنے ثقافتی ورثہ سے منہ موڑ کر دنیا میں زندہ رہنے اور ترقی کرنے کی خواہش کی،وہ مجموعی طور پر ناکام رہیں۔ ان کے مقابلہ میں جن قوموں نے اپنے تہذیبی ورثہ کے ساتھ وابستگی برقرار رکھی اور اسے پروان چڑھایا، وہ ہر اعتبار سے کامیاب رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرح بھر پور تہذیبی سرمایہ رکھنے والی قوموں کے اندازِ زیست اور طور طریقوں میں ان کی ثقافتی اقدار ایسی گہرائی، وسعت اور خوبصورتی پیدا کر دیتی ہیں، یہی چیز ان کے عروج اور ترقی کی ضمانت بن جاتی ہے اور تہذیبی اقدار علمی، ثقافتی اور اقتصادی ترقی کو بنیاد فراہم کرتی ہیں جن سے لوگوں کے رکھ رکھاؤ میں تہذیبی رچاؤ اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ خطاطی اور مصوری سمیت تمام فنون لطیفہ ہماری قومی و ثقافتی میراث ہیں اور ہم ان کی ترویج کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر صدر ممنون حسین نے دونوں فنکاروں کے فن کی تعریف کرتے ہوئے انہیں نقد انعام سے نوازا۔