سعودی عرب ، جدہ میں ٹریفک حادثہ ، 2 افراد زخمی

Sadia Abbas سعدیہ عباس جمعرات 8 مارچ 2018 12:16

سعودی عرب ، جدہ میں ٹریفک حادثہ ، 2 افراد زخمی
جدہ  (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 مارچ2018ء) :  سبعین روڈ کے پل پر المناک حادثے میں 2افراد زخمی ہو گئے۔ ٹینکر بے قابو ہو کر پل کی سائیڈ سے ٹکراگیا جس کے نتیجے میں کنکریٹ بلاک نیچے گاڑی پر جاگرا ۔ حادثہ رات کے 9 بجے ہوا ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی شب شہزادہ ماجد روڈ اور غرناطہ روڈ کی کراسنگ پر بنے پل پر ٹینکر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گیا جس سے ٹینکر کا ہیڈ مڑ کر پل کی سائڈ پر نصب کنکریٹ وال سے ٹکر ا گیا ۔

تصادم اس قدر شدید تھا کہ کنکریٹ پل ریلنگ سے اکھڑ کر نیچے جاگرا جہاں سگنل پر گاڑیاں کھڑی تھیں ۔ پل کا کنکریٹ بلاک نیچے کھڑی گاڑی کے انجن پر گرا جس میں 2 افراد سوار تھے ۔ منوں وزنی کنکریٹ گرنے سے گاڑی تباہ ہو گئی جبکہ اس میں سوار افراد شدید زخمی ہوئے ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہلال الاحمر اور ٹریفک پولیس کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔

(جاری ہے)

ہلال الاحمر کے ریجنل ترجمان ابو زید نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی قریب ترین موجود امدادی یونٹ جائے حادثہ پر پہنچ گئے جنہو ں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی ۔ ابو زید کا کہنا تھا کہ ایک زخمی جس کی حالت کافی نازک تھی کو فوری طبی امداد دے کر اسپتال منتقل کر دیا جبکہ دوسرے کی حالت قدرے بہتر تھی ۔ حادثے کی وجہ سے سبعین روڈ پر ٹریفک کی روانی مکمل طور پربند ہوگئی جس سے لوگوںکو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ ٹریفک پولیس کے امدادی یونٹس نے پل پر حادثے کا سبب بننے والے ٹینکر کو ہٹایا جس کے بعد روڈ کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ۔