پی ایس ایل ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سنسنی خیز مقابلے میں کامیاب

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 مارچ 2018 00:57

پی ایس ایل ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سنسنی خیز مقابلے میں کامیاب
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 مارچ2018ء) پاکستان سپر لیگ کے 17ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے میں کامیابی حاصل کرلی ۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ کی پہلی وکٹ شین واٹسن کی صورت میں گری جو پی ایس ایل تھری کا پہلا میچ کھیل رہے عمر گل کی گیند پر سیف بدر کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔

عمر گل نے پی ایس ایل میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے اسد شفیق کو بھی پویلین روانہ کیا۔کیون پیٹرسن بھی کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور شعیب ملک کی گیند پر برا شاٹ مارکر آﺅٹ ہوگئے ،ری پلیز میں دکھایا گیا کہ شعیب ملک نے نو بال کروائی تھی تاہم امپائر اسے دیکھنے سے قاصر رہے، پی ایس ایل تھری میں امپائرز کی جانب سے یہ پہلا غلط فیصلہ نہ تھا۔

(جاری ہے)

اگلے آﺅٹ ہونے والے بلے باز رمیز راجہ تھے جو عمران طاہر کی فلپر بال کو نہ پہچان سکے اور کلین بولڈ ہوگئے،لیگ سپنر اب تک ٹورنامنٹ میں 11 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ عمر گل نے اپنے آخری دونوں اوورز میں دو ، دو وکٹیں لیکر میچ کو سنسنی خیز بنادیا تاہم آخری اوور میں حسان خان نے پولارڈ کی گیند پر چھکا لگا کر کوئٹہ کو دو وکٹوں سے کامیابی دلا دی ۔

اس سے قبل کپتان شعیب ملک کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ملتان سلطانز نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 152 رنز سکور کرلیے۔محمد نواز نے میچ کے پہلے ہی اوور میں ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر کمار سنگاکارا کو آﺅٹ کردیا۔دوسرے آﺅٹ ہونے والے بلے باز احمد شہزاد تھے جو انور علی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔سہیل تنویر کی وکٹ شین واٹسن نے لی جو اس سے قبل سلپ پر ان کا کیچ چھوڑ چکے تھے۔

وکٹ لینے کے بعد انہوں نے پرجوش انداز میں خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر شعیب ملک اور صہیب مقصود کے درمیان 40 رنز کی شراکت نے ملتان کی اننگز کو سہارا دیا تاہم 33 گیندوں پر 27 رنز بناکر صہیب آﺅٹ ہوگئے۔دوسرے اینڈ سے شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پہلے روس وائیٹلی اور پھر کیرون پولارڈ کے ساتھ مل کر ملتان کو قابل دفاع ہدف تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔

شعیب ملک نے 3چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے جبکہ پولارڈ نے 6 گیندوں پر 16 رنز بنائے۔کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز، انور علی، راحت علی، بین لافلن اور شین واٹسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔میچ کے لئے دونوں ٹیموں میں دو،دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ کوئٹہ کی ٹیم میں محمود اللہ اور جون ہیسٹنگز کی جگہ کیون پیٹرسن اور بین لافلن جبکہ ملتان میں جنید خان اور ڈیرن براوو کی جگہ عمر گل اور روس وائیٹلی کو موقع دیا گیا ہے۔

ملتان سلطانز اب تک ایونٹ کی سب سے کامیاب ٹیم ثابت ہوئی جس نے 6 میچز میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی جب کہ ایک میچ میں ناکامی اور ایک میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا، پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے اور اسے 6 میچز میں سے 3 میں ناکامی اور3 میں کامیابی ملی ہے ۔