سکھر میونسپل کارپوریشن شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر حکومت سندھ کی مالی معاونت سے عملدر آمد کررہی ہے، میئر سکھر

بدھ 7 مارچ 2018 23:40

سکھر۔ 7مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2018ء) سکھر میونسپل کارپوریشن شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر حکومت سندھ کی مالی معاونت سے عملدر آمد کررہی ہے جس میں فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں اور سڑکوں کی تعمیر شہر کی بیوٹیفکیشن اور دوسرے تمام ترقیاتی کام شامل ہیں۔جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق میئر سکھر نے کہا ہے کہ سکھر میونسپل کارپوریشن کی 26 یونین کونسلوں میں بھی چیئرمین کی صوابدید پر تقریباًً ایک ارب روپے سے ضروری نوعیت کے ترقیاتی کام کرائے جائیں گے تاکہ ہر علاقے میں نچلی سطح پر مسائل حل ہوسکیں ، اس سلسلے میں ہر یونین کونسل کو تقریباًً 4 کروڑ روپے کی لاگت سے اپنے علاقوں میں کام کرانے کی اجازت دی جائے گی تاکہ ہر یونین کونسل اس قسم کے مسائل فوری حل کرسکیں جو فوری نوعیت کے ہوں ، اس سلسلے میں ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں ترقیاتی اسکیموں کی منصوبہ بندی کے علاوہ ٹینڈرنگ کے عمل کو بھی مکمل کرنے کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے تمام یونین کونسل کے چیئرمینوں سے ترقیاتی کاموں کی تجاویز لی جائیں گی تاکہ شہر کی تمام یونین کونسلوں میں انفراء اسٹرکچر کو بہتر کیا جاسکے اور اس سلسلے میں یونین کونسل کے مسائل حل کرنے کے لئے مختلف تجاویز مرتب کی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

میئر سکھر نے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل ترجیحی بنیادوں پر تمام اسکیمیں مکمل کی جائیں گی ، جن میں فراہمی و نکاسی آب ، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت ، اسٹریٹ لائٹس سمیت دیگر کام شامل ہیں۔ میئر نے کہا ہے کہ شہر کی یو سی میں مساویانہ ترقیاتی کام کرائیں گے ، حکومت سندھ کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص کی گئی رقم کو ہر صورت میں انہی منصوبوں پر شفاف طریقے سے استعمال کیا جائے گا تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات جلد سے جلد عوام تک پہنچ سکیں۔

متعلقہ عنوان :