شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں انڈس اسکالرشپ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد

بدھ 7 مارچ 2018 23:40

سکھر۔ 7مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2018ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے وائیس چانسلر سیکرٹریٹ میں عبدالفتاح میموریل ٹرسٹ کی جانب سے عطیہ کردہ انڈس اسکالرشپ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے 17طلبہ و طالبات میں نیڈ کم میرٹ کی بنیاد پراسکالرشپ کے چیک تقسیم کئے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ وہ شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے طلبہ و طالبات کی مالی مدد کرنے پر عبدالفتاح میموریل ٹرسٹ کی نہایت شکر گذار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو چاہئے کہ وہ انسانیت کی خدمت کریں۔ انہوں نے چیک حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو ہدایت کی کہ وہ معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے انتہا پسندی اور دہشتگردی کو شکست دیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر رانی چیئرپرسن شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے عبدالفتاح میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ شفقت میمن کی کاشوں کو سراہا۔ انہوں نے اپنے شعبے کی تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر کُل 110500روپے کے چیک تقسیم کئے گئے۔ فی طالبعلم کو 6500روپے دیئے گئے۔ چیک حاصل کرنے والوں میں حرا میمن، سومیا، عبدالجبار دایو، وقار علی ہتار، ماروی سومرو، اقصیٰ پھلپوٹو، عائشہ رانی، شبانہ بتول ، عبدالاحد ملاح و دیگر شامل تھے۔ تقریب میں علی نواز چانڈیو، عمران علی سومرو اور صالح انڑ بھی موجود تھے۔