سکھر میونسپل کارپوریشن کی اینٹی انکروچمنٹ برانچ کی جانب سے انسداد تجاوزات آپریشن کا آغاز

بدھ 7 مارچ 2018 23:40

سکھر۔ 7مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی خصوصی ہدایت پر سکھر میونسپل کارپوریشن کی اینٹی انکروچمنٹ برانچ کی جانب سے انسداد تجاوزات آپریشن اور غلط پارک کی گئی گاڑیوں کے خلاف کارروائی پھر سے شروع کردی گئی ہے جو پچھلے تین روز سے بلا تعطل جاری ہے، بدھ کے روز اینٹی انکروچمنٹ آفیسر منظر ضیاء زیدی کی نگرانی میں اینٹی انکروچمنٹ انسپکٹرز سہیل الطاف ، ظہیر میمن ، افضل چنہ و دیگر نے شہر کے مختلف علاقوں فریئر روڈ ، شاہی بازار ، شہید گنج ، سوکھا تالاب اور نیو گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے دکانوں کے باہر رکھا ہوا سامان اپنی تحویل میں لے لیا اور دکانوں کے باہر قائم کئے گئے غیر قانونی تھڑوں کے حوالے سے بھی دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ ان تھڑوں کا از خود مسمار کردیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ غیر قانونی تجاوزات قائم کرنے پر متعدد دکانداروں کے چالان بھی کئے گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح شہر بھر میں میں غلط پارک کی گئی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے سکھر میونسپل کارپوریشن کے عملے نے درجنوں گاڑیاں تحویل میں لے لیں اور بعد ازاں غلط پارک کرنے پر گاڑی مالکان سے جرمانے وصول کر کے گاڑیاں واپس کردی گئیں۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ٹیکسیشن آفیسر / انچارج اینٹی انکروچمنٹ برانچ اور اینٹی انکروچمنٹ آفیسر منظر ضیاء زیدی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور پیدل چلنے والے شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر شہر بھر میں ناجائز تجاوزات اور غلط پارک کی گئی گاڑیوں کے خلاف بلا تعطل کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ شہریوں کو ہر طرح کی آمد و رفت میں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔