موٹر وے پولیس کی جانب سے روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد

بدھ 7 مارچ 2018 23:40

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2018ء) آئی جی موٹر وے سید کلیم امام کی خصوصی ہدایت پر ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کی زیر نگرانی موٹر وے پولیس کی جانب سے گورنمنٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ آف گمبٹ یونیورسٹی میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پروفیسر غلام قادر تھے، اس کے علاوہ پروفیسر ہریش چند سمیت میڈیا کے نمائندوں اور بڑی تعداد میں زیر تعلیم ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

سیمینارز کا مقصد روڈ حادثات میں کمی اور ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا، سیمینار میں موبائل ایجوکیشن کے افسران نے تصویری وڈیوز اور ملٹی میڈیا کے ذریعے شرکاء کو بتایا کہ کس طرح ملک میں ٹریفک قوانین پر عمل کرکے ٹریفک حادثات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مہمان خصوصی پروفیسر غلام قادر نے اپنے خطاب میں موٹر وے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے پولیس نے روڈ سیفٹی کے حوالے سے ملک بھر میں بہت کام کیا ہے، جس کی وجہ سے پاکستان میں ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

اس موقع پر ڈی ایس پی موٹر وے مسعود احمد نے بھی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے پولیس کے قابل افسران پورے پاکستان میں ہر ادارے میں جاکر ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دے رہے ہیں، جس کی وجہ سے عام لوگوں میں ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور بیدار ہورہا ہے اور لوگوں کا اعتماد موٹر وے پولیس پر بڑھ رہا ہے۔سیمینار کے اختتام پر ڈی ایس پی مسعود احمد کی طرف سے مہمان خصوصی و شرکاء کو اعزازی شیلڈ و تحائف بھی دیے گئے۔

متعلقہ عنوان :