لسبیلہ میں قائم صنعتوں کو ماحولیاتی آلودگی پھیلانے اور لیبرقوانین اور ماحولیاتی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی ،صوبائی وزیر ماحولیات وآئی ٹی پرنس احمد علی احمدزئی

بدھ 7 مارچ 2018 23:20

کوئٹہ۔07مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2018ء)صوبائی وزیر ماحولیات وآئی ٹی پرنس احمد علی احمدزئی نے کہا ہے کہ لسبیلہ کی صنعتی ترقی کیلئے اقدامات اٹھانے کیساتھ ہمیں مقامی کمیونٹی کو روزگار ہیلتھ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے لسبیلہ میں قائم صنعتوں کو ماحولیاتی آلودگی پھیلانے اور لیبرقوانین اور ماحولیاتی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں بدھ کے روز حب انڈسٹریل زون میں واقع اسٹیل ملز دورے کے موقع پر محنت کشوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، صوبائی وزیر نے حبیب ٹریڈنگ اسٹیل مل میں قائم سریہ سازی کی صنعت میں بارہ سال سے کم عمر کے محنت کشوں سے کام لینے ، ہیلتھ اینڈ سیفٹی قوانین کے تحت لیبرز کو بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور سریاسازی میں کپڑے اور پرانے بوٹ جلانے سے پھیلنے والی دھویں اور آلودگی پر متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران سے اظہار برہمی کرتے ہوئے فوری طورپر مذکورہ اسٹیل مل کو جرمانہ عائد کرنے بیس روز کے اندر ملز میں قائم scrubers کو آپریشنل کرنے کے احکامات بھی جاری کیں ، پر نس احمد علی نے محکمہ ماحولیاتی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ،، میونسپل کارپوریشن حب کے وائس چیئرمین ، چیئرمین میونسپل کارپوریشن بیلہ، بابو فیض شیخ ، عبدالستار شیخ اور کونسلر نصیر احمد پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کیں ، اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات سے رپورٹ طلب کرلی گئی کہ وہ چار روز کے اندر صنعتی زون حب میں قائم تمام اسٹیل ملز کا دورہ کرکے ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ پیش کریں ،صوبائی وزیر نے صنعتی زون دورے کے موقع پر مضافاتی علاقوں منگیانی گوٹھ علاقہ مکینوں بابو فیض شیخ، عبدالستار شیخ ،عبدالمالک موندرہ کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی ، وفد نے صوبائی وزیر کو صنعتی آلودگی کی روک تھام کیلئے تجاویز پیش کیں ، صوبائی وزیر پرنس احمد علی نے کہا کہ ہم نے یہ وزارت چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے انشاء اللہ لسبیلہ کے لوگ تبدیلی دیکھیں گے ہم گفتار کے نہیں عمل کے غازی ہیں انھوںنے علاقہ مکینوں کو یقین دہانی کرائی کہ موجودہ حکومت ماحولیاتی صنعتی ترقی میں جدت لانے اور آلودگی جیسے سنگین مسائل سے نمٹنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر پالیسی سازی پر عملدرآمد کررہی ہے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں گرین فورس کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے اور یہ گرین فورس لسبیلہ کے تمام صنعتی یونٹوں میں ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی اور شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے گی ،جلد اس سلسلے میں تعیناتیاں عمل میں لائی جائینگی ، صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان میں صنعتی ترقی اور لوگوں کو روزگار کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں موجودہ حکومت نے مختصر مدت میں عوامی مسائل کے حل کیلئے جو انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں انھیں بھرپور عوامی پزیرائی حاصل ہے بلوچستان کے عوام کی وزیر اعلی بلوچستان اور انکی ٹیم سے جو توقعات وابستہ ہیں انشاء اللہ ہم انکے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔