ملازمین کی تنخواہیں فی الفور ادا کی جائیں جماعت اسلامی اسٹیل مل ملازمین کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے ،حافظ نعیم الرحمن

اعلی عدلیہ کے ذریعے ہی ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کے مسائل حل ہوئے ہیں ، ریٹائرڈ ایمپلائز ایکشن کمیٹی کے وفد سے گفتگو

بدھ 7 مارچ 2018 23:12

ملازمین کی تنخواہیں فی الفور ادا کی جائیں جماعت اسلامی اسٹیل مل ملازمین ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نور حق میں اسٹیل مل ریٹائرڈ ایمپلائز ایکشن کمیٹی کے وفد نے چیئرمین سید عمر باقی اور وائس چیئر مین غلام سرور کھوسو اور جنرل سکریٹری شفیق الرحمن کی قیادت میں ملاقات کی ،وفد میں جنرل سیکریٹری شفیق الرحمن ، ڈپٹی سیکریٹری محمد الیاس ، فنانس سیکریٹری اقرار حسین اور دیگر شامل تھے ۔

اس موقع پر پبلک ایڈکمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔ وفد نے ریٹائرڈ ملازمین کے حوالے سے مسائل حل کرانے میں اہم کردار کرنے پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسٹیل مل ریٹائرڈ ملازمین جماعت اسلامی کی ہر عوامی جدوجہد میں ساتھ ہیں ،جماعت اسلامی کی مدد و رہنمائی کی وجہ سے ہی پہلے 100اور بعد میں 850ملازمین کے واجبات مسائل حل ہوئے ہیں ، ہمیں امید ہے کہ جماعت اسلامی دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی ہمارا ساتھ دے گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے وفد کو یقین دلایا کہ آئندہ جب کبھی بھی جماعت اسلامی کی ضرورت پڑے گی تو ہم آپ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے ،کامیابی کے لیے منظم اور متحد ہونا ضروری ہے ،آپ دیگر ریٹائرڈ ملازمین کو بھی اس جدودجہد میں شامل کریں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اسٹیل مل کے ملازمین کی 6ماہ کی تنخواہیں فی الفور ادا کرے،انتظامیہ کو ادارے کی زمینوں کو فروخت کرکے ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر مراعات دینے کا اختیار نہیں ،انتظامیہ اختیارات کا غلط استعمال نہیں کرے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے کراچی کو لاوارث چھوڑ دیا ہے ،ان پارٹیوں نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا ، اگر انہیں شہریوں کے مسائل حل کرنا ہوتے ، تو کب کے حل کردیے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکومت سے نا امید ہوچکی ہیں ،ملک میں عدالتوں کی وجہ سے لوگوں کو انصاف کی فراہمی ممکن ہوسکی ہے ، اعلی عدلیہ کے باعث ہی اسٹیل مل کے سابق ملازمین کے واجبات کے مسائل حل ہو سکے ہیں ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی وجہ سے ہی کے الیکٹرک اور نادرا کے حوالے سے عوام کو ریلیف ملا ،جماعت اسلامی عوام کے مسائل حل کرانے کی صلاحیت رکھتی ہے ، شہریوں کو مسائل سے نجات دلوا سکتی ہے ، جماعت اسلامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

متعلقہ عنوان :