وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کی زیر صدارت اجلاس ،ْ سٹیل ملز کے ذمہ واجبات کے دیرینہ معاملہ کا جائزہ لیا گیا

بدھ 7 مارچ 2018 23:06

وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کی زیر صدارت اجلاس ،ْ سٹیل ملز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2018ء) وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کی زیر صدارت پاکستان سٹیل ملز کے ذمہ واجبات کے دیرینہ معاملہ کا جائزہ لینے کیلئے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان، وزارت خزانہ، پاک چائنہ انوسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور پاکستان سٹیل ملز لمیٹڈ کے حکام کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے حالیہ اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کے ٹرانزیکشن سٹرکچر کے ساتھ ساتھ بورڈ کی سطح پر واجبات طے کرنے کے منصوبہ کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ کمیٹی نے نجکاری کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری و تنظیم نو شفاف طریقہ سے عمل میں لائی جائے۔ اس موقع پر دانیال عزیز نے تمام متعلقہ شراکت داروں کو اعتماد میں لیتے ہوئے واجبات کا معاملہ طے کرنے کیلئے جامع پلان سے متعلق حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ اس معاملہ کو حل کرنے کیلئے بھرپور تعاون فراہم کریں۔

اجلاس میں واجبات سے متعلق معاہدہ کا مسودہ پڑھ کر سنایا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ مسودہ نیشنل بینک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے بورڈز میں پیش کیا جائے گا جبکہ اس پر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رائے بھی لی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے ملازمین کی پانچ ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :