خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پارٹی کی ویمن ونگ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں کاروانِ بینظیر ریلیوں کا انعقاد کرے گی، بلاول بھٹو

پی پی پی کی جانب سے خواتین کو خودمختار بنانے کے لیئے اٹھائے گئے اقدامات کو بھی منایا جائیگا مسلم دنیا کی پہلی وزیراعظم سے لے کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، وزیرخارجہ تک پی پی پی میں خواتین ہمیشہ صف اول سے قیادت کرتی رہی ہیں

بدھ 7 مارچ 2018 22:46

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پارٹی کی ویمن ونگ تمام صوبائی دارالحکومتوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2018ء) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جو کہ بروز جمعرات منایا جائیگا، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی کی ویمن ونگ تمام صوبائی دارالحکومتوں، آزد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں کاروانِ بینظیر ریلیوں کا انعقاد کرکے عالمی دن کے ساتھ ساتھ ملک میں پی پی پی کی جانب سے خواتین کو خودمختار بنانے کے لیئے اٹھائے گئے اقدامات کو بھی منایا جائیگا۔

خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ صنفی مساوات اور خواتین کو خودمختار بنانے کے لیئے پارٹی کا عزم اور ثبوت اس کے جانب سے تاحال اٹھائے گئے اقدامات سے واضح ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم دنیا کی پہلی وزیراعظم سے لے کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، وزیرخارجہ تک پی پی پی میں خواتین ہمیشہ صف اول سے قیادت کرتی رہی ہیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی نے غربت کے خاتمہ کے لیئے ایک بہت بڑا پروگرام بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا، ورلڈ بئنک اور دیگر عالمی ادارے بھی جس کے معترف ہیں۔ فرسٹ ویمن بئنک، ویمن پولیس اسٹیشنز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کا آغاز شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خود کیا تھا۔ پی پی پی حکومت نے بے زمین کاشتکار خواتین کو زرعی زمینیں دیں اور یونین کائونسل سطح پر غربت کے خاتمے کے لیئے اقدامات اٹھائے، جس کے نتیجے میں سندھ کی 6 لاکھ خواتین اور ان کے خاندان مستفید ہوئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے خواتین کے حق میں کی گئی بے مثال قانونسازی کے تفصیلات دیتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ کمیشن برائے خواتین کے قیام، اینٹی ویمن پریکٹس ایکٹ، اینٹی ایسڈ کرائیمز کا قانون، پروٹیکشن آف ویمن ایٹ ورک پلیس کا قانون جیسے قوانین بنائے گئے۔ پی پی پی کی صوبائی حکومت نے سندہ اسمبلی سے چائیلڈ میریجز رسٹرینٹ ایکٹ-2013، خاندانی تشدد سے تحفظ و روکتھام کا قانون -2015، اور کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن 2015 منظور کروایا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی و سماجی سیکٹرز میں خواتین کو تحفظ و آگے لانے کے ساتھ ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی خواتین کو معاشی طور مزید خودمختار بنانے کے لیئے منصوبابندی کر رہی ہے، جس میں خواتین کاشتکار کی رجسٹریشن بھی شامل ہے، تاکہ وہ آسان قرضے اور دیگر سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی پی پی اقتدار میں آئی تو مائیکروفنانس کے ذریعے خواتین کو کریڈٹ کی سہولیات اور چھوٹے و درمیانے کاروبار کے لیئے انہیں آسان قرضے فراہم کرنے کے منصوبے شروع کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ درحقیقت فقط پی پی پی ہی وہ جماعت ہے، جس نے ہمیشہ حکومت میں آکر خواتین کو خودمختار بنایا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور ان کے اس خواب کو پورا کریں گے کہ زندگی کی ہر شعبے میں خواتین کو برابری حاصل ہو۔