تمام منتخب نمائندے اور عہدیداران مقررہ وقت کے اندر خواتین ووٹرز کے اندراج کیلئے سخت محنت کریں، بلاول بھٹو

بدھ 7 مارچ 2018 22:46

تمام منتخب نمائندے اور عہدیداران مقررہ وقت کے اندر خواتین ووٹرز کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے تمام منتخب نمائندوں اور عہدیداران کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ وہ مقررہ وقت کے اندر خواتین ووٹرز کے اندراج کے لیئے سخت محنت کریں۔ پی پی پی چیئرمین کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام عہدیداران اور کارکنان کو ہدایات دیں گئیں ہیں کہ وہ خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں، تاکہ وہ آئندہ عام انتخابات میں اپنا حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیداران ضلعی و تحصیل سطح پر کمیٹیاں بنا کر ووٹرز فہرستوں میں اندراج کے لیئے خواتین کی معاونت کریں۔ پی پی پی چیئرمین نے مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد میں بڑھتے ہوئے فرق پر تشویش کا اظہار کیا جو سال 2013ع میں 10.97 ملین تھا اور گذشتہ سال ستمبر میں بڑھ کر 12.17 ملین ہوگیا ہے۔ ملک میں مرد ووٹرز کی تعداد 54.60 ملین، جبکہ 42.42 ملین خواتین ووٹرز ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خواتین کو مزید خودمختار بنانے کے عمل اور ان کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیئے غیررجسٹرڈ خواتین ووٹرز کا اندراج اشد ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :