وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا گردوں کے امراض سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

بدھ 7 مارچ 2018 22:44

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا گردوں کے امراض سے بچائو کے عالمی دن کے ..
لاہور۔7 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گردوں کے امراض سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کے منانے کا مقصد عوام الناس میں گردوں کے امراض سے بچائو ، علاج اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ گردوں کے امراض کے معیاری علاج معالجے کے لئے بہترین سہولتوں کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے اور ہسپتالوں میں گردوں کے مریضوں کو مفت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت میسر ہے، اسی طرح صوبے بھر کے سرکار ی ہسپتالوں میں ڈائلسیز کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ صوبائی دارالحکومت میں سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سینٹر قائم کیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے کا آعاز ہو چکا ہے، بلاشبہ یہ سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کو معیاری علاج معالجہ فراہم کر رہا ہے اور جدید طبی سہولتیں ایک چھت تلے مل رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس عظیم الشان منصوبے کیلئے پنجاب حکومت نے 20 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گردوں کے امراض میں بتدریج اضافے کی وجہ مرض کے اسباب سے لاعلمی ہے۔ احتیاطی تدابیر، رہن سہن، خوراک میں توازن اورزندگی کوصحت کے اصولوں کے مطابق گزارنے سے گردوں کے امراض سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گردوں کے امراض سے بچائو کیلئے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے موثر انداز میں آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے اور آج ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اس مرض کو کنٹرول کرنے اور علاج کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔