وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

ملک کی اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے خواتین کے عملی میدان میں کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اسلام نے خواتین کو جن حقوق سے نوازا ہے،کسی معاشرے میں اس کی مثال نہیں ملتی:وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 7 مارچ 2018 22:44

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے ..
لاہور۔7 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کا احترام اور ان کے حقوق کا تحفظ دین اسلام کی تعلیمات کا اہم حصہ ہے۔اسلام نے خواتین کو جن حقوق سے نوازا ہے،کسی معاشرے میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ مسلم لیگ (ن) نے خواتین کے تحفظ، عزت و احترام میں اضافے اور انہیں معاشرے میں باوقار مقام دلانے کے لئے تاریخی اقدامات کئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی ہے۔ خواتین کے حقوق کے حوالے سے وضع کردہ پالیسی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا گیا ہے۔ حکومت نے خواتین کوبااختیار بنانے اوران کے حقوق کے تحفظ کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین کے حقوق کے تحفظ اوران کیخلاف تشدد کی روک تھام کیلئے موثر قانون سازی کی گئی ہے ۔

خواتین کی دادرسی اورانہیں فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ملتان میں سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر قائم کردیاگیاہے اوران سنٹرز کا قیام صوبے کے دیگر شہروں میں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے تحت کام کرنے والے تمام فیصلہ ساز بورڈز اور کمیٹیوں میں خواتین کو 33فیصد نمائندگی دی گئی ہے۔سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ5فیصد سے بڑھا کر15فیصد کیا گیا ہے جبکہ سرکاری اداروں میں بھرتی کے لئے مقررکی جانے والی ہر کمیٹی میں ایک خاتون ممبر کا ہونا لازم قرار دیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی لاکھوں خواتین کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے بلاسود قرضہ جات دئیے جارہے ہیں۔ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی ایک روشن معاشرے کی تشکیل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کو ان کے حقوق دیئے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔ملک کی اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے خواتین کے عملی میدان میں کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بناکرخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیرکیا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین انتہائی با صلاحیت اورمحنتی ہیں اورپاکستانی خواتین نے اپنی صلاحیتوں اور محنت کے ذریعے مختلف شعبوں میں نام کمایا ہے۔پاکستان کے تمام انتظامی اور دفاعی اداروں میں بھی خواتین کا بھرپور کردار قابل ستائش ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ دن ملک کی تعمیر وترقی میں مثبت کردار ادا کرنے والی خواتین کو مزید آگے بڑھنے کیلئے حوصلہ افزائی کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے اور آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :