ہماری کارکردگی اوردھرنا گروپ کی جھوٹ کی سیاست عوام کے سامنے ہی:شہبازشریف

مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء کے الیکشن میں بھی کامیابی سے ہمکنار ہوگی ْکے پی کے کے عوام بھی نا م نہاد تبدیلی کے کھوکھلے دعوؤں سے عاجز آچکے ہیں :وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 7 مارچ 2018 22:44

ہماری کارکردگی اوردھرنا گروپ کی جھوٹ کی سیاست عوام کے سامنے ہی:شہبازشریف
لاہور۔7 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے خلوص نیت سے عوام کی خدمت کو اوڑھنا بچھونا بنائے رکھا ہے اور ہمارا دور پاکستان کی تاریخ کا شفاف اور بہترین دور ہے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن )کی حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے رکاوٹوں کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار، تیز رفتاری اور شفافیت کیساتھ مکمل کرکے اہم سنگ میل عبور کئے ہیں۔

شفافیت،معیار اور تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا اعزازہے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے اور پر امن، روشن ، محفوظ اور مضبوط پاکستان مسلم لیگ (ن) کا تاریخی کارنامہ ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت اورانہیں ریلیف کی فراہمی ہے۔

عوام کی مایوسیوں کو خوشیوں اور تکلیفوں کو راحت میں بدلنے کی کاوشیںرنگ لا ئی ہیں اور صوبے بھر میں فلاح عامہ کے مکمل ہونے والے منصوبے اپنی مثال آ پ ہیں۔انہوں نے کہا کہ متوازن ترقیاتی حکمت عملی کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔سابق ادوار میں جنوبی پنجاب کو بری طرح نظرانداز کیا گیا اور زبانی جمع خرچ کرکے جنوبی پنجاب کے عوام کو دھوکہ دیا گیا جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو مقدم رکھا ہے اور علاقے کی ترقی کے لئے آبادی کے تناسب سے زیادہ فنڈز دیئے گئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے لودھراں کے ضمنی الیکشن میں شاندار فتح حاصل کی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے عوام کی خدمت کیلئے عملی طور پر ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور ان کے جھوٹ کی سیاست بھی عوام کے سامنے ہے۔ دھرنا دینے والوں نے بے بنیاد الزامات اور جھوٹ کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے اور قوم کا قیمتی وقت ضائع کرکے بہت ظلم کیا ہے۔ جھوٹ اور بہتان طرازی کی منفی سیاست کے علمبردار عناصر کو عوام کے مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں۔

جھوٹے عناصر نے ہمیشہ عوام کی تکالیف اور مسائل بڑھانے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ باشعور عوام جانتے ہیں کہ پونے پانچ برس کے دوران کس نے ان کی بے لوث خدمت کی ہے اور کس نے دھرنے دے کر وقت ضائع کیا ہے۔ دھرنے دینے والوں نے اپنے صوبے میں بھی ڈلیور نہیں کیا اوریہ عناصر اب اپنے صوبے کے عوام کا بھی سامنا نہیں کر سکتے کیونکہ کے پی کے کے عوام بھی نا م نہاد تبدیلی کے کھوکھلے دعوؤں سے عاجز آچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتھک محنت اور شبانہ روز کاوشوں کے باعث ملک سے اندھیرے دور ہوئے ہیں اور مسلم لیگ(ن) کوششوں سے قوم کو امن ملا ہے اور ملک میں تجارتی ومعاشی سرگرمیاں بڑھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء کے الیکشن میں کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔

متعلقہ عنوان :