صوبہ بھر میں پولیس ویلفیئر ڈرائیونگ سکولوں کا آغاز کیا جا رہا ہے، آئی جی پنجاب

بدھ 7 مارچ 2018 22:32

صوبہ بھر میں پولیس ویلفیئر ڈرائیونگ سکولوں کا آغاز کیا جا رہا ہے، ..
لاہور۔7 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ہدایات پر عوام کو معیاری اور انٹر نیشنل طرز پر ڈرائیونگ کی عملی تربیت دینے کیلئے پنجاب کے تمام اضلاع میں ٹریفک پولیس پنجاب کی زیر سرپرستی پولیس ویلفیئر ڈرائیونگ سکولوں کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ شاہراہوں پر ٹریفک روانی کے نظام میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ روز بروز بڑھتے ٹریفک حادثات میںخاطر خواہ کمی لا ئی جا سکے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد فاروق مظہر نے عوام کی سہولت اور تربیت کے پیش نظر شروع کئے جا نے والے اس پراجیکٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس پنجاب کے زیر اہتمام صوبے کے بارہ اضلاع میں ڈرائیونگ ٹریننگ سکول کام کر رہے ہیں تاہم آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میںصوبے کے ہر ضلع میں ایک ڈرائیونگ ٹریننگ سکول کا آغاز کیا جارہا ہے جن میں زیر تربیت افراد کو معیاری ڈرائیونگ ٹریننگ کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کے متعلق مکمل راہنمائی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈرائیونگ لائسنس کے حصول سے پہلے 2ہفتے کا شارٹ کورس اور 4ہفتے کا لانگ کورس کر وایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ایک جامع SOPاور ڈرائیور ٹریننگ کورس کا نصاب ٹریفک پولیس پنجاب ہیڈکوارٹرز کی جانب سے تیار کر کے تمام اضلاع میں بھجوا دیا گیا ہے تاکہ دیگر اضلاع میں بھی پولیس ویلفیئر ڈرائیونگ سکولوں کاآغاز کرکے اس منصوبے کو رواں مالی سال میںہی مکمل کر لیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تما م اضلاع میں سکولوں کے افتتاح کی باضابطہ منظوری انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے دے دی ہے اورمستقبل میں پولیس ویلفیئرڈرائیونگ سکولوں کی تعداد میں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا ۔ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید کہا کہ ٹریفک حادثات کی شرح میںاضافے اور ٹریفک نظام میں خامیوں کی ایک بڑی وجہ انسٹرکٹرز کی غیر معیاری تربیت اور صوبے میںمعیاری ڈرائیونگ سکولوںکا فقدان ہے ۔

اس ضرورت کے پیش نظر ٹریفک پولیس پنجاب عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید پولیس ڈرائیونگ سکولوں کے آغاز کر رہی ہے جس سے نہ صرف معیاری ڈرائیور سامنے آئیں گے بلکہ عوام کا ٹریفک قوانین کے بارے میںشعوربھی بہتر ہوگا اور رفتہ رفتہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں بہتری اور حادثات میںواضح کمی بھی سامنے آئیگی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مثبت سوچ سے شروع کئے گئے اس پراجیکٹ کے مستقبل میں بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :