کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے،صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان

بدھ 7 مارچ 2018 22:32

کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے،صوبائی ..
لاہور۔7 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، نئی نسل کو دور جدید کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے تیار کرنا ہمارا مشن ہے،قوم کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے انفرادی اور اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔

یہ باتیں انہوںنے گزشتہ روزیہاں الف اعلان کی جانب سے محکمہ سکولز ایجوکیشن کے ایجوکیشنل ریفارمز کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر مرتب کردہ رپورٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔تقریب میں سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش ملک سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور متعلقہ اداروں کے افسران ، سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ ہر بچے کو کوالٹی ایجوکیشن کے حصول کے مساوی مواقع کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ فروغ تعلیم ہمیشہ سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست رہی ہے ۔ہم ہمیشہ سے فروغ تعلیم اور معیار تعلیم کی بہتری کے اہداف کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم دور جدیدمیں مشن سے بڑھ کر اہمیت اختیار کرچکی ہے۔

کسی قوم کی عظمت کا اندازہ اس کے افرادکی تعلیمی قابلیت اور اس ملک کے عوام کے معیار تعلیم سے اس کی تر قی کا انداز ہ لگایا جاسکتا ہے۔ہمیں نئی نسل کو دور جدید کے چیلنجز سے نبرد آزماہونے کے لئے تیار کرنا ہوگاتاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں-صوبائی وزیر نے کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کیلئے نجی شعبے کو بھی حکومت کا ہاتھ بٹانا ہوگا۔

ہمیں تعلیمی اہداف کے حصول اورپاکستان کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ترقی کی دوڑ میں شامل کرنے کے لئے انفراد ی او راجتماعی سطح پر اپنے کردار کو نبھانا ہوگا۔حکومت پنجاب زیور تعلیم پروگرام کے ذریعے متعین کردہ اہداف کے حصول کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے پرائمری سکول ٹیچرز کو BS-09سے BS-14، ایلیمنٹری سکول ٹیچر زکو BS-14سے BS-15اور BS-15کوBS-16 میں ترقی دے دی گئی ہے۔

جبکہ سکینڈری سکول اساتذہ کو جو کہ پہلے ہی BS-16میں کام کررہے تھے اُن کو دو اضافی ترقیاںدے دی ہیں۔اسی طرح پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب کے تمام سکولوں کے لئے نان سیلری بجٹ (NSB)کا اجراء کیا گیا جس کے لئے ایک کثیر رقم مختص کی گئی جس سے سکول کونسل کی مدد سے ادارے کے ضروری اخراجات اور دیگر اندورنی مسائل کو حل کرنے میں مدد ملی۔ 2017-18میں بھی14بلین(ADP)کی رقم مختص کی گئی ہے ۔

اسی طرح سکولوں میں ٹیچرز کی کمی کو پورا کرنے کے لئے اہلیت کی بنیاد پر پنجاب میںایجوکیٹرز اور AEOکو بھرتی کیا گیا جن کی ٹریننگ مکمل ہو چکی ہے اور اب محکمہ اُن کی خدمات سے مستفید ہو رہا ہے ۔ اُن کی تقرری میں 100%میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ۔ صوبائی وزیر رانا مشہود نے بتایا کہ پنجاب کی تمام یونین کونسلز میں ایک ہائی ،ایک ایلیمنٹری ،پرائمری سکول کو بنانے کے لئے سکولز کی اًپ گریڈیشن کی۔

اور پنجاب بھر میں تقریباًً تین ہزار سکولوں کو اًپ گریڈ کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ کی تشکیلِ نو بطور قائداعظم اکیڈمی آف ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ کر دی گئی ہے جہاںپر بین الاقوامی معیار پرٹیچرز ٹریننگ کا ایک مربوط نظام وضع کیا گیا ہے جس میں پرائمری سکول ٹیچرز سے لے کر ہیڈ ٹیچرزکی کپیسٹی بلڈنگ کے لئے ایک جامع ٹریننگ پروگرام تشکیل دیا گیا ہے۔

جس سے ایجوکیشنل منیجرز اور اساتذہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے تعلیمی معیار کو بلند اور بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ بات باعثِ اطمینان ہے کہ ساڑھے تین لاکھ بچے پرائیویٹ سکیڑ سے سرکاری سکولوں میں منتقل ہوئے ہیں جو کہ عوام کا سرکاری سکولز کی کارکردگی پر بڑھتا ہوا اعتماد ہے ۔اسی طرح بھٹہ پر کام کرنے والے بچوںکو تعلیمی اداروںمیں لانے کا ہدف پوراکرنے میں کامیاب رہے ہیںاورہربھٹہ مزدور کی فیملی کے لئے 2000اور ہربچے کے لئے ماہانہ ایک ہزار اعزازیہ کی ادائیگی کی جارہی ہے جبکہ ہر بچے کو دو مکمل یونیفارم مہیا کیے جا رہے ہیں ۔

اس کے علاوہ ہوٹل، ورکشاپ اورپسماندہ علاقوں میں کام کرنے والے بچوں کا بھی سکولوں میں لایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 16منتخب اضلاع میں بچیوں کے لئے خادمِ پنجاب زیورِ تعلیم پروگرام کا اجراء کیا گیا ہے تا کہ ضرورت مند گھرانوں کی بچیوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا جائے اور اُن کواس قابل بنایا جائے کہ وہ آنے والی نسلوں کی بہتر تربیت کر سکیں اس سلسلہ میں ہر بچی کوایک ہزارروپے ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا۔

سیکرٹری سکولز ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ تعلیم میں پنجاب حکومت کے انقلابی اقدامات کی بدولت بے وسیلہ اور غریب گھرانوں کے ہونہار طلباء و طالبات کیلئے ایجی سن کالج کے معیار کے سٹیٹ آف دی آرٹ دانش سکولوں میں زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہی اقدامات کی وجہ سے بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور پنجاب ایجوکیشن کمیشن کے نتائج میں نمایاں بہتر ی آئی ہے جو کہ ہماری پالیسیوں کے مو ثر اور کامیاب ہونے کی دلیل ہے ۔ پینل ڈسکشن میں سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی حصہ لیا۔