لاہور ہائیکورٹ نے حافظ محمد سعید کو گرفتار نہ کرنے کے احکامات میں توسیع کر دی

ممکنہ گرفتاری کیخلاف درخواست پر حکومت کو جواب داخل کرانے کے لیے مہلت ، سماعت 4اپریل تک ملتوی

بدھ 7 مارچ 2018 17:18

لاہور ہائیکورٹ نے حافظ محمد سعید کو گرفتار نہ کرنے کے احکامات میں توسیع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے جماعة الدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر حکومت کو جواب داخل کرانے کے لیے مہلت دے دی اور ساتھ ہی حافظ محمد سعید کو گرفتار نہ کرنے کے احکامات میں توسیع کر دی۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان نے حافظ محمد سعید کی درخواست پر سماعت کی جس میں گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

درخواست میں حافظ سعید کے وکیل اے ڈوگر نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ اور بھارت کے دبائو پر پاکستانی حکومت ممکنہ طور پر درخواست گزار کے خلاف کارروائی کرنا چاہتی ہے جبکہ امریکہ نے پاکستان کو حافظ محمد سعید کی گرفتاری کا کہہ بھی دیا ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت، امریکہ اور بھارت کو خوش کرنے کے لیے حافظ محمد سعید کو دوبارہ گرفتار یا نظر بند کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

حافظ محمد سعید کے وکیل نے عدالت میں استدعا کی کہ صوبائی حکومت کو درخواست گزار کی گرفتاری یا نظربندی سے روکا جائے۔سماعت کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومت کے وکلا نے جواب داخل کرانے کے لیے وقت مانگا جس پر عدالت نے انہیں مہلت مہلت دیتے ہوئے حافظ محمد سعید کو گرفتار نہ کرنے کے احکامات میں توسیع کر دی۔درخواست پر مزید کارروائی 4 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔